نئی دہلی// مرکزی حکومت نے امسال گزشتہ4برسوں میں سب سے زیادہ جنگجوئوں کی ہلاکت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاہے کہ2017میں203 کو ہلاک کیا گیا۔مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ میں اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ امسال شہری ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہوا۔مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ ہنس راج اہیر نے تحریر جواب میں لوک سبھا میں کہاکہ10دسمبر تک203 جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا،جبکہ2016میں150عساکروں کو ہلاک کیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ2015میں ہلاک شدہ جنگجوئوں کی تعداد108جبکہ2014میں یہ تعداد110تھی۔ انہوں نے تشدد کے دوران جاں بحق ہوئے شہریوں کی ہلاکتوں کے بارے میں بتایا کہ37شہری10دسمبر تک جاں بحق ہوئے،جبکہ گزشتہ برس کے دوران15اور2015میں17کے علاوہ2014میں28شہری اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ہنس راج اہیر نے کہا کہ ا مسال تشدد آمیز واقعات میں بھی اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر10دسمبر تک335واقعات پیش آئے جبکہ گزشتہ برس کے دوران ان کی تعداد جہاں322تھی وہیں 2015 میں 208 اور 2014 میں انکی تعداد222تھی۔ وزیر کی طرف سے پیش کئے گئے اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ جموں کشمیر میں امسال10 دسمبر تک75اہلکار بھی ہلاک ہوئے جبکہ 2016 میں 82 اور 2015میں39اہلکاروں کے علاوہ2014میں مرنے والے فورسز اہلکاروں کی تعداد47تھی۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں وقت وقت پر سیکورٹی کا جائزہ لینے کیلئے ہدایات بھی دی گئی ہے۔انہوں نے کہا’جنگجوئوں کی کارروائیوں کو قابو میں کرنے کیلئے کئی ایک اقدامات اٹھائے گئے ہیں،جن میں آپریشنل گرڈکو مضبوط و مستحکم کرنے کے علاوہ انسانی سراغ رسانی اور تکنیکی خفیہ جانکاری کے نظام کو بہتر کیا گیا ہے۔