یواین آئی
نئی دہلی// لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے کہا ہے کہ منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں انڈیا الائنس کے لیڈران کی میٹنگ ہوئی، جس میں عوامی مسائل کو ایک ساتھ اٹھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں گاندھی پر ایک جج کے تبصرے پر بھی بات کی گئی، میٹنگ میں سرحدوں کی حفاظت کا معاملہ بھی اٹھایا گیا اور کہا گیا کہ حکومت ملکی سرحدوں کو محفوظ رکھنے میں ناکام ہو چکی ہے۔سوشل میڈیاپلیٹ فارم فیس بک پوسٹ میں گاندھی نے کہا ، ’’آج میں نے پارلیمنٹ میں کانگریس کے صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے جی کی موجودگی میں انڈیا الائنس کے فلور لیڈروں کی میٹنگ میں شرکت کی، ہم ساتھ مل کر عوام کے حقوق اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے ایوان میں اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے‘‘۔اس دوران کانگریس پارٹی نے میٹنگ میں اٹھائے گئے مسائل کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ آج صبح پارلیمنٹ میں ایوان کے قائدین کی میٹنگ میں سپریم کورٹ کے ایک موجودہ جج کی جانب سے راہل گاندھی پر کئے گئے تبصرہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پارٹی نے کہا کہ انڈیا الائنس میں شامل تمام جماعتوں کے قائدین نے اتفاق کیا کہ موجودہ جج نے ایک غیر معمولی تبصرہ کیا ہے، جو سیاسی جماعتوں کے جمہوری حقوق کے خلاف ہے۔ سیاسی جماعتوں خصوصاً اپوزیشن لیڈران کی ذمہ داری ہے کہ وہ قومی مفاد کے مسائل پر تبصرہ کریں۔ان رہنماؤں نے کہا کہ جب کوئی حکومت ہماری سرحدوں کی حفاظت میں بری طرح ناکام ہو جاتی ہے تو اسے جوابدہ ٹھہرانا ہر شہری کا اخلاقی فرض ہے۔