سرینگر// اننت ناگ اور لداخ پارلیمانی حلقوں کے پانچویں مرحلے کے تحت مجموعی ووٹنگ 18.02 درج کی گئی ۔ان باتوں کی جانکاری چیف الیکٹورل آفیسر جے اینڈ کے شیلندر کمار نے پریس کانفرنس کے دوران دی۔ سی ای او نے کہا کہ اننت ناگ پارلیمانی حلقے کے پانپور اسمبلی حلقے میں سب سے زیادہ 5.26فیصدجبکہ سب سے کم پلوامہ حلقے میں 0.76 فیصد درج کی گئی ۔مجموعی طور پر دونوں اضلاع میں 2.81فیصد پولنگ درج کی گئی ہے، جو وادی میں ابتک کے تمام انتخابات میں سب سے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں پولنگ احسن طریقے پرمنعقد کرنے کے لئے 695پولنگ مراکز قائم کئے گئے تھے جن میں سے 20ماڈل پولنگ سٹیشن تھے اور دو خواتین کے لئے مخصوص تھے۔اسی طرح لداخ پارلیمانی حلقے کے لئے 559 پولنگ مراکز قائم کئے گئے تھے جن میں سے 21ماڈل پولنگ مراکز اور خواتین کے لئے57 مراکزمخصوص تھے ۔پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں ووٹنگ کی تفصیلات دیتے ہوئے سی ای او نے کہا کہ ان اضلاع میں 14676ووٹ ڈالے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے مرحلے کے اختتام کے ساتھ اننت ناگ حلقہ انتخاب کی مجموعی ووٹنگ شرح 8.76فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ لداخ پارلیمانی حلقے کی کلہم ووٹنگ شرح 63.70فیصد درج کی گئی ۔سی ای او نے مزید کہا کہ ریاست کے مختلف پارلیمانی حلقوں بشمول بارہمولہ ، جموں ، سری نگر ، اودھمپور ، اننت ناگ اور لداخ میں پولنگ کی مجموعی شرح44.51 فیصد رہی ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اننت ناگ پارلیمانی حلقے کے لئے تیسرے مرحلے کے شیڈول کے تحت پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں 5.22 لاکھ رائے دہند گان کو اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا تھا ۔ اسی طرح لداخ پارلیمانی حلقے کے لیہہ اور کرگل اضلاع میں رجسٹر شدہ رائے دہندگان کی تعداد 1,73,709 تھیں۔سی ای او نے رائے دہندگان ، سیاسی جماعتوں ، چنائو لڑ رہے امید واروں ، میڈیا ، پولنگ عملے اور سیکورٹی فورسز کو ریاست میں تمام پانچ مرحلوں کے دوران انتخابات احسن اور پُر امن طریقے پر منعقد کرنے کے لئے سراہا۔واضح رہے کہ اننت ناگ پارلیمانی حلقے میں نیشنل کانفرنس کے حسنین مسعودی ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے صوفی یوسف ، انڈین نیشنل کانگریس کے غلام احمد میر، پی ڈی پی کی محبوبہ مفتی ، نیشنل پینتھرس پارٹی کے نثار احمد وانی، پیپلز کانفرنس کے چودھری ظفر علی ، مانو ادھیکار پارٹی کے سنجے کمار دھر ، پرگتی شیل سماج وادی پارٹی ( لوہیا ) کے سریندر سنگھ اور آزاد امید وار امتیاز احمد راتھر، رضوانہ صنم ، ریاض احمد بٹ، زبیر مسعودی ، شمس خواجہ ، علی محمد وانی ، غلام محمد وانی ، قیصر احمد شیخ ، منظور احمد خان اور مرزا سجاد حسین بیگ چنائو لڑ رہے تھے۔اسی طرح لداخ پارلیمانی حلقے میں چار اُمیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا جن میں انڈین نیشنل کانگریس کے ریگزن سپالبار ، بی جے پی کے جمگیانگ ژیرنگ نمگیال اور آزاداُمید وار اصغر علی کربلائی اور سجاد حسین شامل تھے۔
۔2249مائیگرنٹوں نے ووٹ ڈالا
جموں/یوگیش سگوترہ/اننت ناگ پارلیمانی حلقہ انتخاب کے لئے آج ہوئے تیسرے مرحلہ کی پولنگ میں قریب51فیصد ووٹروں نے پولنگ بوتھوں کا رخ کیا ۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے موصولہ اعداد و شمار کے مطابق شوپیاں اور پلوامہ اضلاع کے 6اسمبلی حلقہ ترال، پانپور، پلوامہ، راجپورہ، وچی اور شوپیان کے 3603مائیگرنٹ ووٹروں نے ایم فارم بھرے تھے ان میں سے 2249نے جموں ، دہلی اور ادہم پور میں بنائے گئے 22خصوصی پولنگ بوتھوں پر اپنے جمہوری حق کا استعمال کیا۔ اے آر او(مائیگرنٹ ) ادہم پور انیرودھ رائے کے مطابق 89میں سے 56 نے ووٹ ڈالے ، جموں میں 3500میں سے 2189ووٹروں نے حق رائے دہی کاا ستعمال کیا۔