سرینگر//پولیس نے پائین شہر میں نقب زنوں کے ایک گروہ کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی ہے اور 4چوروں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے لاکھوں روپے مالیت کے سونے کے زیورات ،موبائیل فون اور الیکٹرانک سامان ضبط کر لیا ۔نوہٹہ پولیس اسٹیشن میں نامہ نگاروں کو تفصیلات دیتے ہوئے ایس ڈی پی او خانیار راجہ ظہیب کہا کہ پولیس کو پائین شہر کے نوہٹہ اور خانیار پولیس اسٹیشنوں کی حددو میں نقب زنوں کی سرگرمیوں اور چوری کی وارداتوں کے حوالے سے مسلسل شکایات موصول ہورہی تھیں۔انہوںنے کہا کہ ان شکایات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ایس پی نارتھ سٹی سجاد احمد شاہ نے ایس ایچ او نوہٹہ وسیم جہانگیر اور ایس ایچ او خانیار پرویز احمد کی سربراہی میں 2ٹیمیں تشکیل دیں۔راجہ ظہیب نے کہا کہ پولیس کی دونوںٹیموں نے فوری طور حرکت میںآکر تحقیقات شروع کردی، جس کے دوران پولیس کو اہم جانکاری موصول ہوئی۔ انہوںنے کہا کہ تحقیقات کے دوران پولیس اسٹیشن نوہٹہ میں ایف آئی آر زیر نمبر108/2016زیر دفعہ379آر پی سی کے سلسلے میں 2ملزمان مشتا ق احمد ڈار ولد غلام قادر ساکنہ راراین باغ گاندر بل اور غلام حسن بٹ ولد محمد سلطان ساکنہ سعیدہ پورہ عید گاہ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ایس ڈی پی او خانیارنے کہا کہ مذکورہ ملزمان کی تحویل سے13لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور دیگر مال ِ مسرقہ برآمد کیا گیا ۔انہوںنے کہا اسی طرح خانیار پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر زیر نمبر16/2018زیر دفعات454،380کے تحت ایک ملزم شیخ روئیس ولد محمد اسلم ساکنہ میر زا باغ نگین کی گرفتاری عمل میںلائی ہے اور اس کی نشاندہی پر کئی موبائیل فون ،جن کی مالیت21ہزار ہے، ضبط کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ درج ایف آئی آر کے سلسلے میں ملزم عرفان احمد شیخ ولد نذیر احمد ساکنہ نمچہ بل فتح کدل کوبھی حراست میںلیا گیا اور اس کی نشاندہی پرایل سی ڈی ،لیپ ٹاپ کے علاوہ ایک لاکھ25ہزار روپے مالیت کا مال ِمسروقہ ضبط کیا گیا ۔ ایس ڈی پی او خانیار راجہ ظہیب تنویر نے مزید بتایا کہ ان کیسوں کے علاوہ 24مارچ2018کو ایک منشیات سمگلر محمد شفیع شیخ ،ؤولد محمد سلطان شیخ ساکنہ شیخ کالونی کو گرفتار کیا گیا اور 385گرام چرس بھی ضبط کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر09/2018زیر دفعہ 8/20این ڈی پی ایس کے تحت پولیس تھانہ نوہٹہ میں درج ہے جبکہ تحقیقات جاری ہے۔