سرینگر// سرینگر کے پائین شہر میں سنیچر کو کئی علاقوں میں بندشیں رہیں جبکہ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سنیچر کو 7پولیس تھانوں کے حدود میں بندشیں بدستور رہیں گی۔ایک بیان کے مطابق نوہٹہ، خانیار، رعناواری، صفا کدل، مہاراج گنج، مائسمہ اور کرالہ کھڈ پولیس تھانوں کے حدود میں بندشیں رہیں گی۔ادھرکل رام باغ کا محاصرہ کیا گیا،جس کے بعد گھر گھر تلاشیاں عمل میں لائی گئیں۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے سرینگر اوراس کے مضافاتی علاقوں بٹہ مالو،بٹہ کدل،وانگن پورہ عیدگاہ،آری باغ نوگام،موچھوہ،کھوسہ باغ سمیت کئی علاقوں کو محاصرے میں لیا گیا ،جس کے دوران فوج،فورسز اور ٹاسک فورس اہلکار تلاشیاں لئے رہے ہیں۔سنیچر کو شہر کے رام باغ علاقے میں لوگ اس وقت حیران رہے،جب فورسز نے اچانک اور غیر متوقع طور پر پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشیوں کا سلسلہ شروع کیا۔تاہم مقامی لوگوں کے مطابق1990کی طرح انہیں کھلے میدانوں میں جمع ہونے کیلئے نہیں کہا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق فورسز نے دروازوں پر دستک دیکر تلاشیاں لیں اور اس دوران اہل خانہ کے بارے میں بھی پوچھ تاچھ کی گئی۔ اس دوران ن ایک نوجوان کو حراست میں لیا گیا،جو علاقے میں کرایہ دار کے طور پر رہائش پذیر تھا۔اس دوران شہر خاص میںکرفیو جیسی صورتحال نظر آئی،جس کی وجہ سے ان علاقوں کی آبادی محصوربن کر رہ گئی۔ شہر خاص کے حساس علاقوں کی تاربندی کی گئی تھی،اور سخت پوچھ تاچھ کے بعد اکا دکا شخص کو آگے جانے کی اجازت دی جا رہی تھی۔پولیس نے پائین شہر کے کئی علاقوں میں بندشیں عائد کی تھیں۔