سرینگر//ضلع انتظامیہ سرینگر نے جمعہ کو پائین شہر میں لوگوں اور ٹرانسپورٹ پر بندشیں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس دوران صوبائی کمشنر نے آج وادی میں تمام سکول اور کالج بند رکھنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر سرینگر فاروق احمد لون نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ خانیار، مہاراج گنج، صفا کدل، رعنا واری، نوہٹہ اور مائسمہ کے پولیس تھانوں کے حدود میں بندشیں عائد رہیں گی۔انکا کہنا تھا کہ عام لوگوں کو کسی جگہ جمع ہونے اور ٹرانسپورٹ کے چلنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔اس دوران صوبائی کمشنر کشمیر کے مطابق کشمیر وادی میں 9جون 2017ء کو تمام سکولوں،ہائر سیکنڈری سکولوں اورکالجوں میں احتیاط کے طور درس وتدریس کا کام معطل رہے گا۔ادھرضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کے مطابق ضلع میں عوامی اورسرکاری جائیداد کو نقصان سے بچانے اورکسی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ پر روک لگانے کے لئے 9جون2017ء کو دفعہ 144کا نفاذ رہے گا۔دریں اثناء کشمیر یونیور سٹی نے جمعہ کو لئے جانے والے تمام امتحانات منسوخ کردئے ہیں۔