سرینگر//پائین شہر میں دوران شبانہ چھاپوں کے دوران کئی نوجوانوں کی گرفتاری کو لیکر مقامی لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق عرفہ اور عیدالفطر کی درمیانی رات کو پولیس نے نوہٹہ اور گوجوارہ میں چھاپے ڈالے اور کئی نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ۔لوگوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے مکانوں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور کئی خواتین کی مارپیٹ بھی کی جبکہ گلی کوچوں میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے کئے نوجوانوں کے بارے میں اتہ پتہ نہیں بتایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھائی کے بدلے بھائی اور بیٹے کے بدلت باپ کو گرفتار کیا گیا ۔شبانہ چھاپوں اور گرفتاریوں کے بعد پائین شہرکی آبادی اور خصوصا نوجوانوں میں اضطراب و بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے اور کئی نوجوان اپنے گھروں سے مجبورا نقل مکانی کر گئے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق پولیس اہلکاردیوار پھلانگ کر ایک گھر میں گھس گئے اور وہاں سے ایک نوجوان کو گرفتار کر کے لے گئے۔ ایک نوجوان کے والد نے بتایا کہ اسکے بیٹے کو رات ساڑھے گیارہ بجے گرفتار کر لیا گیا تاہم اسکی گرفتاری کی وجوہات کے بارے میں ہم اب بھی لاعلم ہیں۔لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان نوجوانوں کو فوری طور رہا کیا جائے ۔