سرینگر// پائین شہر کے بیشتر حصوں میں جمعہ کے روز عائد کردہ پابندیاں ہٹالی گئیں۔ انتظامیہ نے پائین شہر کے پانچ پولیس تھانوں نوہٹہ، ایم آر گنج، رعناواری، خانیار اور صفا کدل کے تحت آنے والے علاقوں میں جمعہ کے روز احتیاطی اقدامات کے طور پر دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت پابندیاں نافذ کی گئی تھیں۔ ضلع مجسٹریٹ سری نگر کے احکامات پر ان پابندیوں کا طلاق کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو ٹالنے کے لئے عمل میں لایا گیاتھا۔ یہ پابندیاں لشکر طیبہ کے کشمیر چیف ابو اسماعیل اور اس کے ساتھی چھوٹا قاسم کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہروں یا کسی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لئے نافذ کئی گئی تھیں۔ پابندیوں کی وجہ سے پائین شہر کے نوہٹہ میں واقع تاریخی و مرکزی جامع مسجد میں مسلسل دوسرے جمعہ کی نماز ادا نہیں کی جاسکی۔ادھرسری نگر کے مضافاتی علاقہ میں تصادم کے دوران لشکر طیبہ کے کشمیر چیف ابو اسماعیل اور اس کے ساتھی چھوٹا قاسم کے مارے جانے کے بعد وادی کشمیر میں سیکورٹی وجوہات سے ایک دن کے لئے ملتوی کی گئیں ریلوے خدمات کو آج بحال کردیا گیا۔ وسطی کشمیر میں سری نگر۔بڈگام سے شمالی کشمیر کے بارہمولہ کے درمیان ٹرین خدمات پھر سے شروع ہوگئیںہیں۔ جنوبی کشمیر میں سری نگر۔اننت ناگ۔ قاضی کنڈ سے جموں علاقہ کے بانہال کے درمیان بھی ٹرینوں کی آمدورفت بحال کردی گئی ہے ۔