سرینگر// پائین شہرکے کئی علاقوںمیں لوگ قلت آب سے پریشان ہیں ۔لوگوں کے مطابق پی ایچ ای محکمہ کے افسروں کو بار بار پائین شہرمیں قلت آب کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے تاہم متعلقہ محکمہ لوگوں کی اس بنیادی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے سنجیدگی سے توجہ نہیں دے رہے ہیں۔گوجوارہ ، حول ، راجوری کدل، رعناواری اورسعیدہ کدل کے لوگوں نے بتایا کہ پچھلے دو دنوں سے سحری کے وقت پانی دستیاب نہیںہوتا ہے جو پریشانی کا باعث بن جاتا ہے۔ جڈی بل کے لوگوں نے بتایا کہ علاقہ میں گذشتہ 10روز سے پانی کی قلت ہے اور لوگ پریشان ہیں ۔انہوں نے مقامی ممبر اسمبلی اور پی ایچ ای حکام سے مطالبہ کیا کہ رمضان کے مقدس مہینے کے پیش نظر علاقہ میں پانی کی سپلائی کو فوری طور یقینی بنایا جائے ۔ادھر گوجوارہ کے رہنے والے عبید احمد نے بتایا کہ یوں تو گرمیوں میں ہر سال پانی قلت رہتی تھی مگر ماہ صیام میں سحری اور افطار کے وقت پانی سپلائی ہوا کرتا تھا تاہم آج پانی کی قلت ہے ۔انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پائین شہر میں رمضان کے مقدس مہینے میں بجلی اور پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے انتظامات کئے جائیں ۔