سرینگر// شہرخاص اور حاجن میں طلاب اور پولیس و فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ ریاستی انتظامیہ کی طرف سے بدھ کو3تعلیمی اداروں کو درس و تدریس کی سرگرمیوں کیلئے مقفل کرنے کے باوجود سرینگر کے پائین علاقے میں طالب علموں نے احتجاجی جلوس برآمد کئے۔ فتح کدل میں واقع گاندھی کالج اور ایم پی ہائر اسکینڈری اسکول میں زیر تعلیم طلاب سڑکوں پر آئے اور احتجاج کرنے لگے۔احتجاجی مظاہرین گزشتہ روز گرفتار کئے گئے طالب علموں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ طلاب نے نعرہ بازی کرتے ہوئے باہر نکلنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے احتجاجی طلبہ کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہ لا ئی ۔ کا فی دیر تک احتجاج کرنے کے بعد احتجاجی طلبا پرامن طور منتشر ہو ئے۔ ادھر احتجاجی طلاب نے خا نیار کی طرف پیش قدمی کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔ ۔اس دوران احتجاجی طلباء مشتعل ہوئے جنہوںنے فورسز پر خشت باری کی ۔جوابی کارروائی کے دوران پولیس وفورسز نے ٹیر گیس شلنگ کی اور پائوا شلنگ کا بھی استعمال کیا ۔نامہ نگار عازم جان کے مطابق طالب علموں کی گرفتاری پر طلاب نے احتجاجی مظاہرے کئے ۔ ہائر سیکنڈری اسکول حاجن میں زیر تعلیم طالب علموں نے بدھ کو پرامن احتجاج کیا اور مین بازار تک مارچ کیا ۔ احتجاجی میں دیگر گرد ونواح کے اسکولوں کے بچوں نے بھی شرکت کی ۔ احتجاجی طلاب گرفتار طالب علموں کی رہائی کا مطالبہ کررہے تھے ۔اس دوران احتجاج کے نتیجے میں حاجن میں بدھ کو معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوگئیں ۔ادھر پلوامہ میں مقامی نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے پولیس تھانے پر شدید پتھرائو کیا۔مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے کئی جگہوں پر شلنگ کی گئی جس کے باعث قصبے میں حالات پر تنائو رہے۔جھڑپوں کے نتیجے میں ہر قسم کی آمد و رفت معطل ہوکر رہ گئی۔