سرینگر//وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے جموں وکشمیر ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن سے کہا کہ وہ سیاحتی کاروبار کے لئے نئے ماڈیول تیار کریں تاکہ اس کے اثاثوں کو زیادہ سے زیادہ حد تک بروئے کار لایا جاسکے۔سرینگر میں کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے جے کے ٹی ڈی سی کے منتظمین کو ہدایت دی کہ وہ اس طرح کی حکمت عملی اختیار کریں جس کی رو سے ان کے اثاثوں کو مکمل طور سے استعمال میں لایا جا سکے ۔ انہوں نے زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیر اعلیٰ جو کارپوریشن کی صدر نشین بھی ہیں ، نے جے کے ٹی ڈی سی منیجمنٹ پر زور دیا کہ وہ قومی شاہراہ اور مغل روڑ کے اطراف بہتر سہولیات دستیاب کرانے کے امکانات کا جائزہ لیں اور کہا کہ پہلے سے موجود سہولیات کو مستحکم کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے اس حوالے سے این ایچ اے آئی کے ساتھ باہمی اشتراک کر کے مشترکہ طور کچھ ماڈیول تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ آج کل کے مقابلہ آرائی کے دور میں کارپوریشن کو اپنے گاہکوں کو بہتر سہولیات فراہم کرکے ان کے اعتماد کو تقویت بخشنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے۔محبوبہ مفتی نے کارپوریشن انتظامیہ سے کہا کہ وہ اپنے اثاثوں کا احاطہ کر کے آمدنی کے اعتبار سے یونٹوں کی زمرہ بندی کریں تاکہ نقصان پر چل رہے یونٹوں کی مناسب بڈنگ کے بعد انہیں آوٹ سورس کیا جاسکے ۔انہوںنے کارپوریشن کے التوا میں پڑے قانونی معاملات کو بند کرنے کی بھی ہدایت دی اور کہا کہ ان معاملات کی عدالتو ں میں پر زور طریقے پر وکالت کی جانی چاہئے۔میٹنگ میں جانکا ری دی گئی کہ کارپوریشن کا قیام 1970میں عمل میں لایا گیا تاکہ اہم سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو بہتر بنیادی سہولیات بہم رکھی جاسکیں۔اس وقت کارپوریشن کے پاس 1750کمرے ہیں جن میں 3400 بستروں کی گنجائش موجود ہیں۔سیاحت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی، وائس چیئرمین جے کے ٹی ڈی سی رفیع احمد میر،کمشنر سیکرٹری فائنانس نوین چودھری ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، سیکرٹری سیاحت فاروق احمد شاہ ، ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی محمود احمد شاہ اور بورڈ کے دیگر ڈائریکٹر س بھی میٹنگ میں موجود تھے۔