سری نگر//آگرہ جیل میں پانچ ماہ سے زیادہ گزارنے کے بعد، الہ آباد ہائی کورٹ نے بدھ کو تین کشمیری طالب علموں کو ضمانت دے دی، جنہیں ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میںگزشتہ سال بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کی جیت کے بعد مبینہ طور پر پاکستان کے حق میں نعرے لگانے اور بغاوت کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس نے جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے قومی ترجمان ناصر کھوہامی کے حوالے سے بتایا کہ الہ آباد ہائی کورٹ نے آج آگرہ کے ایک انجینئرنگ کالج کے تین قید کشمیری طلباء کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
تینوں – ارشد یوسف، عنایت الطاف شیخ اور شوکت احمد گنائی کو آگرہ پولیس نے 28اکتوبر 2021کو گرفتار کیا تھا۔
ان تینوں کے خلاف انڈین پینل کوڈ (IPC) اور انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 66-F میچ کے بعد مبینہ طور پر واٹس ایپ پیغامات "ملک کے خلاف" بھیجنے پردفعہ 124 اے (بغاوت)، 153-اے (مختلف گروپوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا) اور 505 (1) (بی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ناصر نے کہا کہ تینوں کی ضمانت کی درخواست پر سینئر ایڈوکیٹ رمیش چند یادو نے دلیل دی، جس کی مدد ایڈوکیٹ سنتوش کمار سنگھ نے کی۔
انہوں نے کہا کہ تمام قانونی کارروائیاں جاری ہیں اور ایک دو روز میں طلباء کو رہا کر دیا جائے گا۔ جے اینڈ کے اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے ضمانت کے حکم پر اطمینان کا اظہار کیا۔