سمت بھارگو
راجوری //ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی راجیہ سبھا ممبرساگریک گھوش نے راجوری و پونچھ کے دو روزہ دورے کے دوران سرحدی علاقوں میں شہری آبادی کو درپیش مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں صحت و سلامتی کی بنیادی سہولیات کا فقدان ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے ان علاقوں کو ’سرحد پار گولہ باری کا سب سے بڑا نشانہ‘ قرار دیا۔ٹی ایم سی کا اعلیٰ سطحی وفد جمعرات کو پونچھ پہنچا جہاں انہوں نے شیلنگ سے متاثرہ دیہاتوں کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔ جمعرات کی شب یہ وفد راجوری پہنچا اور جمعہ کے روز شیلنگ سے متاثرہ علاقوں کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری کا بھی دورہ کیا، جہاں گولہ باری میں زخمی دو افراد زیرِ علاج ہیں۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے موصوفہ نے کہاکہ’’ہم نے یہاں کے لوگوں کی مشکلات کو نہ صرف سنا بلکہ خود دیکھا۔ ان کی کہانیاں، درد اور نقصان اب ہم پورے ملک کے سامنے رکھیں گے تاکہ انہیں انصاف مل سکے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام مذہبی و سماجی طبقات کے لوگ سرحدی علاقوں میں عدم تحفظ کا شکار ہیں اور بار بار ہونے والی شیلنگ نے ان کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ساگریک گھوش نے اس بات پر زور دیا کہ راجوری اور پونچھ جیسے حساس سرحدی اضلاع میں زیر زمین بنکرز اور ہنگامی طبی سہولیات کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے موجودہ صورت حال کو بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے کہاکہ ’یہ افسوسناک ہے کہ اتنی بڑی آبادی کو نہ تو محفوظ بنکرز میسر ہیں اور نہ ہی معیاری طبی سہولیات‘۔جمعہ کی صبح، وفد نے جی ایم سی راجوری میں زیر علاج زخمی افراد سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ جی ایم سی پرنسپل ڈاکٹر اے ایس بھاٹیہ، شعبہ ہڈیوں کے سربراہ ڈاکٹر عرفان ملک اور دیگر ڈاکٹروں نے زخمیوں کی صحت کی صورتحال پر وفد کو تفصیلی بریفنگ دی۔وفد کے اراکین نے بتایا کہ وہ جموں و کشمیر حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے یہاں آئے ہیں تاکہ متاثرہ عوام کو ریلیف پہنچایا جا سکے۔بعد ازاں، ٹی ایم سی وفد نے اس مقام کا بھی دورہ کیا جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجوری، ڈاکٹر راج کمار تھاپا اپنی سرکاری رہائش گاہ میں موجود تھے اور شدید شیلنگ کے دوران جان بحق ہو گئے۔ٹی ایم سی نے اس موقع پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرحدی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے، تاکہ نہ صرف انسانی جانیں محفوظ رہیں بلکہ مستقل خوف کے ماحول کو بھی ختم کیا جا سکے۔یہ دورہ راجوری و پونچھ کے عوام کے مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرنے کی ایک کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔