سرینگر//جموں اینڈ کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے اہتمام سے جاری سالانہ ڈراما فیسٹول میں کل معروف تھیٹر گروپ وہاب کلچرل سوسائٹی حاجن نے مجید مجازی کا تحریر کردہ ڈراما ’’ بچھِ‘‘ پیش کیا۔ اس ڈرامے کے ہدایت کار ڈاکٹر ریاض حسن تھے۔ یہ ڈراما مجید مجازی نے موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں انسانی اقدار کی پامالی اور انسانیت کے اصولوں کی بے قدری کے موضوع پر بنایا ہے۔ ڈرامے میں نئی تھیٹر تکینیکوں کا ماہرانہ استعمال کیا گیا تھا۔ ڈرامے میں اگرچہ سبھی کرداروں نے نہایت ہی متاثر کن انداز میں اداکاری کے جلوے دکھائے مگر ساگر سرفراز نے شرابی کا رول زیادہ ہی دلچسپ انداز میں کیا تھا۔ اس کے علاوہ منظور احمد شاہ نے اپنے رول ’’ بیچھِ وُن نمبر ۲‘‘ سے سامعین کے دل جیت لئے۔ رئیس احمد اور دیگر کرداروں کی اداکاری بھی قابلِ تعریف رہی۔ اس ڈرامے کے مجموعی طور پر سامعین نے بہت سراہا اور اس میں اٹھائے گئے عوامی مسائل کی طرف دھیان کھینچنے کے لئے تھیٹر گروپ کی سراہنا کی۔