سرینگر//گورنر این این ووہرا اور خاتونِ اول اوشا ووہرا نے ریاستی کلچرل اکیڈمی اور محکمہ تعلیم کے اشتراک سے ٹیگور ہال میں منعقدہ قرأت ، نعت اور قوالی مقابلوں کی تقریب پر انعامات تقسیم کئے ۔ گورنر نے سیکرٹری کلچرل اکیڈمی کو یہ مقابلہ منعقد کرانے پر داد دی جس میں ماہ رمضان کے دوران تقریباً 1500 سکولوں کے طلبا نے حصہ لیا ۔ انہوں نے نوجوانوں کے ہنروں کو تلاشنے اور انہیں صحیح رہنمائی فراہم کرنے پر بھی زور دیا ۔ گورنر نے کہا کہ ریاست کے نوجوانوں نے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے اور یہ ہماری مجموعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی شخصیتوں کو نکھارنے کیلئے انہیں موقعے فراہم کریں ۔ انہوں نے نوجوانوں کے ذہنوں میں غلط رحجان پیدا کرنے والے عناصر سے خبر دار رہنے پر زور دیا ۔ ریاست کے تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے گورنر نے ایسے اقدامات کی سراہنا کی ۔ ریاستی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کے فورم نے سالانہ بین یونیورسٹی سپورٹس چیمپین شپ شروع کی ہے جس میں ریاست بھر کے 700 کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔ گورنر نے مستقبل میں بھی ایسے مقابلوں کے انعقاد پر زور دیا ۔ گورنر نے قوالی مقابلے میں سرینگر ، بانڈی پورہ اور بڈگام اضلاع میں ایک لاکھ ، 75 ہزار ، 50 ہزار اور 10 ہزار روپے کے تین مزید انعامات تقسیم کئے ۔ قرأت مقابلے میں انہوں نے 5 ہزار ، 3 ہزار اور 2 ہزار روپے کے انعامات جبکہ نعت مقابلے میں بالترتیب 5,3 اور 2 ہزار روپے کے انعامات تقسیم کئے ۔