عظمیٰ نیوز سروس
بانڈی پورہ//کمشنر سٹیٹ ٹیکسز ڈاکٹر رَشمی سنگھ نے کل ضلع بانڈی پورہ کا دورہ کیا تاکہ سٹیٹ ٹیکسز اور مائننگ محکمے کے مجموعی کام کاج کا جائزہ لیا جاسکے اور شراکت داروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جاسکے۔دورے کے دوران کمشنر سٹیٹ ٹیکسز کے ہمراہ ایڈیشنل کمشنر ایڈمنسٹریشن اینڈ اَنفورسمنٹ کشمیر شکیل مقبول بھی تھے۔سٹیٹ ٹیکسز آفیسر بانڈی پورہ معراج وانی نے کمشنر کو ضلع بھر میں محکمہ کام کاج کے بارے میں جانکاری دی ۔اُنہوں نے بتایا کہ ضلع بانڈی پورہ میں سیلز ٹیکس یونٹ باقاعدگی سے کاروباری اِکائیوں کا دورہ کرتا ہے اور جی ایس ٹی اور دیگر ضروری طریقہ کا کے بارے میں بیداری پیدا کرتا ہے۔میٹنگ میں نوڈل آفیسر کوآرٹی نیشن محمد اشرف حکاک، اے ڈی سی بانڈی پورہ عمر شفیع کے علاوہ شراکت داروں بشمول ٹریڈ یونین ، کنٹریکٹرز ایسو سی ایشن ، ڈرگسٹ اور کیمسٹ ایسو سی ایشن ، ضلع اِنتظامیہ کے اَفسران اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر کمشنر نے کاروباری کمیونٹی ، کان کنی آپریٹروں اور دیگر متعلقہ شعبو ں کے شراکت داروں سے بات چیت کی ۔اُنہوں نے ان شعبوں کے نمائندوں کے ساتھ کئی میٹنگیں منعقد کیں تاکہ قیمتی آرأ حاصل کی جاسکیں، خدشات کو دورہ کیا جاسکے اور خطے میں ٹیکس کی وصولی اور کان کنی کے کاموں کو بہتر کرنے کے لئے تعاون کے مواقع تلاش کئے جاسکیں۔ڈاکٹر رشمی سنگھ نے کہا کہ حکومت شفاف اور مؤثر ٹیکس کے عمل کے لئے پُر عزم ہے جس سے دیر پا کان کنی کے طریقوں کو یقینی بنایا جاسکتا ہے جو ماحولیاتی ضوابط سے ہم آہنگ ہوں۔ ایڈیشنل کمشنر ایڈ منسٹریشن اینڈ اَنفورسمنٹ نے ٹیکس کی وصولی اور کان کنی کے طریقہ کار کو جدید بنانے میں ٹیکنالوجی کی اہمیت کے بارے میں بات کی۔ اُنہوں نے اِس بات کا یقین دلایا کہ سٹیٹ ٹیکسز او رمائننگ محکمہ کارکردگی کو بڑھانے کے لئے ڈیجیٹل سلوشنز کا فائدہ اُٹھانا جاری رکھے گا۔اس سے قبل ڈاکٹر رشمی سنگھ نے منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ کے احاطے سے ایک بیداری ریلی کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا جس میں مختلف سکولوں کے طلباء شامل تھے۔ یہ ریلی بانڈی پورہ کے مختلف بازاروں سے گزری تاکہ ٹیکس اور اس کے طریقہ کار کے بارے میں بیداری پیدا کی جاسکے۔ اِس موقعہ پرمصوری مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں طلباء کو اَسناد اور مومنٹوز سے نوازا گیا۔