سرینگر//کشمیر چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایمنسٹی اسکیم کے تحت ٹیکس بقایاجات کی دوسری قسط اداکرنے کی تاریخ میں توسیع کرنے کے ریاستی انتظامی کونسل کے فیصلے کی سراہنا کی ہے۔چیمبر ترجمان نے اپنے ایک بیان میں گورنر کے مشیر کے کے شرما،چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم ،پرنسپل سیکریٹری نوین کمار،پرنسپل سیکریٹری محکمہ خزانہ ارون کمارمہتہ،کمشنرکمرشل ٹیکسزپی کے بھٹ اور محکمہ خزانہ کے دیگر حکام کااِن کی ذاتی کاوشوں کیلئے شکریہ اداکیا۔کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے جونیئرنائب صدر ڈاکٹر اے ایم میرنے کہا کہ ٹیکس کی ادائیگی کی تاریخ میں توسیع کی اگرچہ ہم ستائش کرتے ہیں لیکن تاجروں کے موجودہ تنگ حالات کوبھی زیرنظررکھاجانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دوہزار کے قریب تاجروں نے دسمبر2018تک ٹیکس کی پہلی قسط اداکی تھی لیکن وہ جنوری2019میں ٹیکس کی دوسری قسط ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔اس سے ڈیلروں کا عدم استحکام عیاں ہوجاتا ہے کہ وہ چاہ کربھی ٹیکس بقایاجات ادانہیں کرسکے۔ان حالات کی علمیت ہونے کی وجہ سے ہی کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری نے دوسری قسط کی ادائیگی کی تاریخ میں31جولائی2019تک توسیع کرنے کی درخواست کی تھی۔ریاستی انتظامی کونسل نے اپنی حکمت کے سبب ٹیکس کی دوسری قسط کی ادائیگی میں31مارچ2109تک توسیع کرنے کافیصلہ کیا۔ہمار ابھی بھی یہ مانناہے کہ اس کی توسیع31جولائی2019تک کی جانی چاہیے کیونکہ موسم سرما میں مندی اوروادی کے ناخوشگوارحالات کی وجہ سے مارچ میں ڈیلروں کی مالی حالت شاید ہی بہتر ہوگی۔