عظمیٰ نیوز سروس
ٹیکساس//ٹیکساس میں شدید اور تباہ کن سیلاب کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے ، جب کہ امدادی ٹیمیں مزید لاشیں برآمد کر رہی ہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، ٹیکساس میں شدید اور تباہ کن سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے ، جب کہ امدادی ٹیمیں اب بھی پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں کم از کم 27 لڑکیاں اور کیمپ کاؤنسلرز بھی شامل ہیں، جو جولائی کی تعطیلات کے دوران ایک یوتھ سمر کیمپ میں دریائی علاقے میں قیام پذیر تھیں جب اچانک طوفانی صورتحال نے تباہی مچا دی۔ماہرینِ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ، جس سے زمین پہلے ہی سیراب ہونے کے باعث دوبارہ سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، ان کارروائیوں میں ہیلی کاپٹر، کشتیاں، تربیت یافتہ کتے اور تقریباً 1 ہزار 750 اہلکار شامل ہیں۔ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ایک بیان میں کہا کہ اب بھی شدید بارش اور ممکنہ سیلاب کا خطرہ برقرار ہے اور متاثرین کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ وہ جمعہ کو ٹیکساس کا دورہ کریں گے ، جب کہ وائٹ ہاؤس نے ان ناقدین پر تنقید کی ہے جنہوں نے ان پر موسم سے متعلق ایجنسیوں کے بجٹ میں کٹوتیوں کے باعث وارننگ سسٹم کو کمزور بنانے کا الزام عائد کیا۔