نیوز ڈیسک
سرینگر // حکومت نے طبی معاملات، میاں بیوی کی پوسٹنگ اور سیکورٹی کی بنیاد پر ٹیچروں کی تبدیلی کیسوں کی جانچ پڑتال کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔کمیٹی میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن، جموں، کشمیر، ڈائریکٹر فنانس، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، حکومت کے اسپیشل سیکرٹری محکمہ سکول ایجوکیشن، انڈر سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کا ایک نمائندہ شامل ہے۔ مذکورہ کمیٹی اساتذہ کے تبادلے سے متعلق درخواستوںکی جانچ کرے گی اوراس حوالے سے متعلقہ محکمہ کواپنی سفارشات غور کیلئے بھیجے گی ۔ سرکاری آرڈر میں کہاگیاہے کہ اعلیٰ سطحی کمیٹی طبی بنیادوں کے علاوہ شریک حیات کی پوسٹنگ یاتعیناتی اورسیکورٹی کی بنیاد پر اساتذہ کے ٹرانسفر یاتبادلے سے متعلق دائر شدہ درخواستوںکا جائزہ لے گی ،اورپھراپنی سفارشات محکمہ تعلیم کو بھیجے گی ،تاکہ ایسی درخواستوں کی فوری جانچ کی روشنی میں کوئی فیصلہ جلدی لیا جاسکے ۔ اس کے علاوہ، متعلقہ انڈر سیکریٹری نامزد کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کے لیے ایسے معاملات کی فہرست تیار کرے گا۔”