گندو//جموں کشمیر ٹیچر فورم کی مقامی اکائی کی طرف سے ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں وزیر تعلیم الطاف بخاری کی طرف سے لئے گئے حالیہ فیصلوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں اس مثبت طرز عمل کے لئے مبارک باد پیش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ متنازعہ سرکولر 252اور266کو التواء میں رکھ کر وزیر تعلیم نے اپنے صحتمندانہ اور ہمدرادانہ رویہ کا اظہار کیا ہے جس کا اساتذہ برادری خیر مقدم کرتی ہے ۔ اس موقعہ پر جماعت علی صوبائی نائب صدر نے وزیر مملکت پریہ سیٹھی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں وزراء ریاست میں نظام تعلیم کو دوبارہ زندہ کرنے کے لئے انتھک کوشش کریں گے۔ انہوں نے وزراء کی جانب سے تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے کی جا رہی کوششوں کا بھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ اساتذہ ٹرانسفر پالیسی، تنخواہوںمیں تفاوات، چیف ایجوکیشن افسران، پرنسپل، لیکچرار، زونل ایجوکیشن افسران، ہیڈ ماسٹروں، سیزنل ٹیچر، پریرک اور ایس بی ایم کے علاوہ خاکروبوں وغیرہ کے معاملات کو بھی فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے محاذ کی قیادت کر رہے عبدالقیوم وانی، گنیش کھجوریہ اور دیگران کو بھی مبارک باد پیش کی۔ پریس کانفرنس میں دیا کرشن، ذاکر حسین، طارق، انیس وانی، اسلم چودھری، بشیر احمد ، دیوان سنگھ،زیارت حسین اور نزاکت علی بھی موجود تھے۔