اشتیاق ملک
ڈوڈہ //بھلیسہ کے معروف استاد و جموں و کشمیر ٹیچرز فورم کے زونل صدر محمد شریف مغل ہفتہ کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔مرحوم 55 برس کے تھے۔محمد شریف مغل کا تعلق بھلیسہ کے گاؤں کلہوتران سے تھا اور وہ پیشہ سے استاد تھے۔ہفتہ کے روز ان کی صحت اچانک بگڑ گئی اور کچھ ہی دیر بعد وفات پا گئے۔مرحوم نہایت سادہ مزاج، ملنسار ،شریف و خوش اخلاق انسان تھے اور انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ایک عظیم شخصیت تھے۔ان کی نمازہ جنازہ دیر شام اپنے آبائی گاؤں واقع کلہوتران بھلیسہ میں ادا کی گئی۔ مرحوم کی وفات پر متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں جموں و کشمیر ٹیچرز ایسوسی ایشن نے مغل کی اچانک وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ ایسوسی ایشن کے ترجمان صداقت ملک نے کہا کہ مرحوم نے اپنی زندگی علم کے فروغ و اساتذہ کے حقوق کی بحالی کے لئے وقف کر رکھی تھی۔انہوں نے کہا کہ محمد شریف مغل کی موت نہ صرف خاندان بلکہ اساتذہ برادری و تعلیمی شعبے کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے جس کی کمی کو پورا کرنا ناممکن ہے۔اس دوران چئیرمین ایجوکیشن اینوائر منٹل سوشل سپورٹس و کلچرل سوسائٹی بھلیسہ محمد ایوب زرگر، ٹیچرز فورم کے سینئر نائب صدر جماعت علی آغا، صوبائی نائب صدر اسحاق رشید ملک، سیاسی و سماجی کارکن ریاض احمد زرگر، زونل صدر بھٹیاس زون عمران مجید ملک، ٹیچرز فورم ضلع چیئرمین غلام نبی وانی ،صدر بھلیسہ زون عاشق حسین ملک نے بھی محمد شریف مغل کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی ۔