سرینگر/تیز آندھی کے سبب کرناہ کے بلاک ٹیٹوال کے متعدد علاقوں میں گذشتہ رات درجنوں مکانوں، دکانوں یہاں تک کہ سکولوں کی چھتوں کو نقصان پہنچا اورکئی ایک درخت بھی جڑ سے اکھڑ گئے جبکہ تیز ہوائوں کی وجہ سے بجلی کے کھمبے بھی گرگئے جس کے نتیجے میں بجلی نظام بھی درہم برہم ہو گیا ۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ شام قریب ساڑھے دس بجے ٹیٹوال ، درنگلہ ، درگڑ اور ٹیٹوال اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بارشوں کے ساتھ تیز آندھی آئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اُن علاقوں میں رہنے والوں کو نقصان سے دوچار کیا ۔تاہم کہیں سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق تیز آندھی سے مکانات کے چھتیں اُڑ گئیں ،یہاں تک کہ درخت بھی گر کر سڑکوں پر آگئے ہیں جس کے نتیجے میں نقل و حمل بھی متاثر ہورہی ہے ۔
مقامی آبادی نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اُن علاقوں میں املاک کے نقصان کا جائزہ لیکر لوگوں کو معاوضہ فراہم کیا جائے ۔