اننت ناگ(اسلام آباد)//بجہباڑہ کے مضافاتی گائوں میںمشتبہ جنگجوئوں کے ہاتھوں مارے گئے ایس پی او کو سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا ۔بجہباڑہ کاٹسو گائوں میں جمعرات شام دیر گئے اسلحہ برداروں کی جانب سے ہلاک کئے گئے مشتاق احمد شیخ کو جمعہ کی صبح اُنکے آبائی گائوں میں سپرد لحد کیا گیا ۔مہلوک ایس پی اوٹین سے بنے عارضی شیڈ میں رہائش پذیر تھا کہ چند نقاب پوش افراد جمعہ شام دیر گئے گھر میں گھس گئے ۔مقامی لوگوں کے مطابق مہلوک اہلکار کی اہلیہ نے نقاب پوش اسلحہ برداروں کے سامنے 10منٹ تک منت سماجت کی تاہم اسلحہ برداروں نے دونوں پر گولیاںچلائیں جس کے نتیجے میں ایس پی او کی موت واقع ہوئی جبکہ اہلیہ شدید زخمی ہوئی اور وہ صورہ میں زیر علاج ہے جہاں اسکی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔ایس پی او اپنے پیچھے بوڑھی ماں و 15سالہ بھائی کو چھوڑ گیا ہے ۔لوگوں کے مطابق مہلوک کی گھریلو حالت انتہاہی ابتر ہے اور افراد خانہ کسمپرسی میں زندگی گذار رہے ہیں ۔ انکے مطابق ایس پی او کی تین بہنیں ہیں جن کی شادی مقامی آبادی نے مل جل کرانجام دی ۔اُنہوں نے حکومت سے مہلوک کے کنبہ کی باز آبادکاری کے حوالے سے اقدامات اُٹھانے کی اپیل کی ہے ۔