محمد تسکین
بانہال// بدھ کی صبح رام بن کے ماروگ علاقے میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں پرنسپل اینڈ سیشن کورٹ رام بن میں تعینات پوگل کے ایک مقامی ایڈمنسٹریٹیو افسر لقمہ اجل بن گئے ۔مہلوک کی شناخت پربھات سنگھ عمر 59 سالہ ساکنہ دھنمستہ تحصیل اُکڑال پوگل پرستان کے طور کی گئی ۔ پربھات سنگھ پرنسپل اینڈ سیشن کورٹ رام بن میں چیف ایڈمنسٹریٹیو افسر کے طور تعینات تھے اور چند مہینے کے بعد اپنی سبکدوشی کو پہنچنے والے تھے ۔ بتایا جاتاہےکہ بدھ کی صبح قریب آٹھ بجے پربھات سنگھ اپنے گھر واقع دھنمستہ سے رام بن ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ رام بن کے ماروگ علاقے میں ایک ایل پی جی گیس ٹینکر نے انہیں شدت سے ٹکر مار دی جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ جانکار ذرائع نے بتایا کہ مہلوک چیف ایڈمنسٹریٹیو آفیسر پربھات سنگھ کے اہل خانہ برسوں سے جموں میں ہی مقیم تھے اور جموں میں جنگی حالات کی وجہ سے ان کے کنبے کو چند روز واپس اپنے گھر دھنمستہ پوگل آنا پڑا اور اسی وجہ سے مہلوک افسر کا رام بن سے اپنے گھر جانا پچھلے کئی روز سے معمول بنا تھا اور بدھ کی صبح ان کا بال بچوں کے پاس آنے جانے کا سفر اپنے اختتام کو پہنچ گیا ۔حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے ایس ایچ او رام بن وکرم سنگھ نے بتایا کہ بربھات سنگھ کی موت موقع پر واقع ہوگئی تھی اور ضلع ہسپتال رام بن میں قانونی لوازمات کو پورا کرنے کے بعد لاش کو آخری رسومات کیلئے ورثاء کے حوالے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک پی جی گیس ٹینکر کے ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا اور اس معاملے میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔جوڈیشل ایمپلائز ویلفیئر ایسوسیشن کے ایگزیکٹیو ممبر منظور احمد وانی نےپربھات کی موت پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پربھات سنگھ کی المناک موت ان سب کیلئے صدمہ کے اور ملازمین برادری سوگوار کنبے سے اپنی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔