ٹیم انڈیا گولڈ میڈل سے ایک قدم دور، دلچسپ مقابلے میں انگلینڈ کو دی پٹخنی

نئی دہلی//ہندوستان نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں خواتین کے کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ ہندوستان نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 4 رنز سے شکست دی ۔ ہرمن پریت کور کی کپتانی میں ٹیم انڈیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ جواب میں میزبان انگلینڈ کی ٹیم 6 وکٹوں پر صرف 160 رنز ہی بنا سکی۔ خواتین کرکٹ کو پہلی مرتبہ کامن ویلتھ گیمز میں شامل کیا گیا ہے۔ ایسے میں ٹیم انڈیا اب گولڈ میڈل سے صرف ایک جیت دور ہے ۔ اسمرتی مندھانا کے 32 گیندوں پر تین چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 61 رنز کے علاوہ جمائما روڈریگز کی ناٹ آؤٹ 44 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان نے 5 وکٹوں پر 164 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا ۔ پاور پلے میں مندھانا کی جارحانہ اننگز نے اس اسکور کی بنیاد رکھی جبکہ روڈریگز (سات چوکے) کی 31 گیندوں کی ناٹ آوٹ اننگز نے اس کو آگے بڑھانے میں مدد کی۔ اس دوران مندھانا نے خواتین کرکٹ میں ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین نصف سنچری بھی بنائی ، جس کیلئے انہوں نے صرف 23 گیندیں کا سامنا کیا ۔ دیپتی شرما نے 20 گیندوں میں 22 رنز بنائے۔ حالانکہ ہندوستان نے پاور پلے کے چھ اوورز میں 64 رنز بنائے تھے، جس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ ان کے اسکور میں 15 رنز کم رہ گئے ۔ ہندوستانی اننگز نے پاور پلے کے بعد کے 14 اوورز میں 100 رنز کا اضافہ کیا، کیونکہ ٹیم نے درمیانی اووروں میں لگاتار تین وکٹیں گنوانے کے بعد رفتار کھو دی ۔ روڈریگز اور دیپتی نے چوتھی وکٹ کیلئے 53 رنز کی اہم شراکت داری کی ۔ خواتین کرکٹ میں مندھانا کے ڈرائیو شاٹس قابل دید ہوتے ہیں۔ جب شیفالی ورما (15 گیندوں میں 17 رنز) بغیر جارحیت کے کھیل رہی ہوں ، تو آنکھوں پر یقین نہیں ہوتا ۔ ان دونوں نے 7.5 اوورز میں 76 رنز کی شراکت داری کی۔