ٹیم انڈیا کی بمراہ کی غیر موجودگی میں سیریز کی برابری پر نظر

Mir Ajaz
3 Min Read

 یو این آئی

لندن/چوتھا ٹسٹ ڈرا کرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے والے پانچویں اور آخری ٹسٹ میں نئے جوش و جذبے کے ساتھ سیریز برابر کرنے کے ہدف کے ساتھ میدان میں اترے گی ۔ تاہم تیز گیند باز جسپریت بمراہ آخری ٹیسٹ میچ میں نہیں کھیلیں گے ۔ ہندوستانی ٹیم پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 سے پیچھے ہے ۔جمعرات کو جب ہندوستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں اوول کے میدان میں اتریں گی تو بہت کچھ داؤ پر ہو گا ۔ گزشتہ میچ کے ڈرا ہونے سے پرجوش ہندوستانی ٹیم جہاں اس میچ کو جیت کر سیریز ڈرا کرنے کی کوشش کرے گی وہیں انگلینڈ کی ٹیم اس میچ میں جیت درج کر کے سیریز اپنے نام کر نا چاہے گی۔ لارڈز اور مانچسٹر ٹیسٹ انتہائی ڈرامائی انداز میں ختم ہوا اور جس طرح اوول میں پریکٹس سیشن شروع ہوا ہے اس سے یہ میچ بھی کافی دلچسپ ہونے کا امکان ہے ۔مانچسٹر اور اوول ٹیسٹ کے درمیان صرف تین دن کا وقفہ ہے ، ہندوستان کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ ورک لوڈ سسٹم کی وجہ سے اس میچ میں شرکت سے قاصر ہیں۔ محمد سراج پیس اٹیک کا آغاز کریں گے ۔ چونکہ انشول کمبوج گزشتہ میچ میں اپنے ڈیبیو پر متاثر کرنے میں ناکام رہے تھے ، اس لیے ان کی جگہ آکاش دیپ کو شامل کیاجا سکتا ہے ، جو چوٹ سے صحت یاب ہو کرواپس آ رہے ہیں۔ای ایس پی این کے مطابق بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے بمراہ کو بتایا ہے کہ یہ فیصلہ ان کی کمر اور طویل مدتی مستقبل کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ۔یہ حیران کن نہیں ہے ، کیونکہ میڈیکل ٹیم نے بمراہ، ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ وہ انگلینڈ کے دورے کے دوران پانچ میں سے صرف تین ٹیسٹ کھیلیں گے ۔ بمراہ نے ہیڈنگلے میں پہلا ٹیسٹ کھیلا، ایجبسٹن میں دوسرے ٹیسٹ میں باہر رہے جس میں ہندوستان کامیاب رہا اور پھر گزشتہ ہفتے لارڈز اور اولڈ ٹریفورڈ میں اگلے دو ٹیسٹ میں شرکت کی۔

Share This Article