ماؤنٹ مونگانوئی//روہت شرما (87) اور شکھر دھون (66) کی شاندار نصف سنچریوں اور ان کے مابین 154 رن کی زبردست رفاقت کے بعد چائنامین گیندباز کلدیپ یادو (45 رن پر چار وکٹ) کی عمدہ کارکردگی سے وراٹ کوہلی کی زیرقیادت ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ون ڈے میں ہفتہ کو 90 رن سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔ٹیم انڈیا نے اس طرح 26 جنوری کو یوم جمہوریہ پر پہلی مرتبہ ون ڈے جیت کر ملک کو جیت کا شاندار تحفہ دے دیا۔ ہندوستان کا آئین 26 جنوری 1950 کو نافذ ہوا تھا اور اس کے بعد سے ہندوستان نے کبھی 26 جنوری کو ون ڈے میچ نہیں جیتا تھا۔ مسلسل تاریخ کے نئے باب رقم رہی کپتان وراٹ کوہلی کے جانبازوں نے اب یوم جمہوریہ پر ون ڈے جیتنے کی تاریخ رقم کی۔ہندوستان نے ٹاپ آرڈر کے اپنے سبھی بلے بازوں روہت شرما 87، شیکھر دھون 66، وراٹ کوہلی 43، امباٹي رائیڈو 47، مہندر سنگھ دھونی ناٹ آؤٹ 48 اور کیدار جادھو ناٹ آؤٹ 22 کی شاندار کارکردگی سے 50 اوور میں چار وکٹ پر 324 رن کا مضبوط اسکور بنایا اور نیوزی لینڈ کو 40.2 اوور میں 234 رن پر سمیٹ دیا۔ ہندوستان نے سیریز کا پہلا میچ نیپئر میں آٹھ وکٹ سے جیتا تھا۔ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔روہت اور شکھر نے پہلے وکٹ کے لئے 154 رن جوڑ کر اپنے کپتان کے فیصلے کو صحیح ثابت کر دیا۔گزشتہ میچ میں جلد آؤٹ ہونے والے روہت نے 96 گیندوں میں نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے شاندار 87 رن بنائے ۔شکھر نے مسلسل دوسرے میچ میں نصف سنچری بنائی۔گزشتہ میچ میں ناٹ آوٹ نصف سنچری بنانے والے شکھر نے 67 گیندوں پر 66 رن میں نو چوکے لگائے ۔ شکھر کو ٹرینٹ بولٹ نے وکٹ کے پیچھے ٹام لاتھم کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ روہت جب اپنی سنچری سے 13 رن دور تھے تبھی لوکی فرگیوسن نے روہت کو کولن ڈی گرینڈھوم کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ ہندوستان کا دوسرا وکٹ 172 کے اسکور پر گرا۔کپتان وراٹ نے 45 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 43 رن کی اننگ کھیلی لیکن مسلسل دوسرے میچ میں نصف سنچری بنانے سے چوک گئے ۔ یہ مسلسل تیسرا میچ ہے جس میں وراٹ نصف سنچری مکمل نہیں کرسکے ۔ رائیڈو نے اپنی موجودگی ثابت کرتے ہوئے 49 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 47 رن بنائے ۔وراٹ کو بولٹ اور رائیڈو کو فرگوسن نے آؤٹ کیا۔ہندوستان کا چوتھا وکٹ 271 کے اسکور پر گرا۔ دھونی اور جادھو نے پانچویں وکٹ کے لئے 53 رن کی ناٹ آوٹ ساجھے داری کرکے ہندوستان کو 50 اوور میں 324 تک پہنچا دیا۔ دھونی نے 33 گیندوں پر ناٹ آوٹ 48 رن میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ جادھو نے 10 گیندوں پر ناٹ آوٹ 22 رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ نے 10 اوور میں 61 رن پر دو وکٹ اور فرگیوسن نے 10 اوور میں 81 رن دے کر دو وکٹ لئے ۔نیوزی لینڈ کی بلے بازی ایک بار پھر ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے ناکام ثابت ہوئی۔ ٹیم انڈیا نے میزبان کو جو ہدف دیا وہ آخر میں نیوزی لینڈ کے لئے کافی بڑا ثابت ہوا۔ نیوزی لینڈ کو اپنے ٹاپ آرڈر کے بلے بازوں کی ناکامی ایک بار پھر بھاری پڑی۔نیوزی لینڈ نے اپنے آٹھ وکٹ صرف 166 رن پر گنوا دیئے تھے لیکن ڈگ بریسویل (57) نے یک طرفہ جدوجہد کرتے ہوئے اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔ نیپئر میں چار وکٹ حاصل کرنے والے چائنامین گیندباز کلدیپ نے اس میچ میں بھی بہترین گیند بازی کی۔ انہوں نے 10 اوور میں 45 رن دے کر چار وکٹ حاصل کئے ۔ کلدیپ نے ٹام لاتھم 34، ہنری نکولس نے 28، کولن گرینڈھوم 3 اور ایش سوڈھی صفر کے وکٹ لئے ۔