مانچسٹر/ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں 358 رنز بنائے ۔ ہندوستان نے اس سیریز میں اب تک چھ بار 350 سے زائد کا اسکور بنایا ہے ، جو کسی ٹیسٹ سیریز میں ان کا سب سے زیادہ اسکور ہے ۔ ہندوستان سے پہلے صرف ایک ٹیم، آسٹریلیا نے تین مختلف ایشز سیریز (1920-21، 1948، 1989) میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔اس چوتھے ٹیسٹ میں رشبھ پنت کے ٹیسٹ کرکٹ میں لگائے گئے چھکوں کی تعداد اب 90 ہو گئی ہے ، جو اب ویرندر سہواگ کے ساتھ مل کر ہندوستان کے لیے مشترکہ طور پر سب سے زیادہ ہے ۔ پنت کے ان 90 چھکوں میں سے 38 صرف انگلینڈ کے خلاف آئے ہیں، جو کسی ایک ٹیم کے خلاف کسی کھلاڑی کی طرف سے لگائے گئے دوسرے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ پہلے نمبر پر بین اسٹوکس ہیں، جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 39 چھکے لگائے ہیں۔انگلینڈ میں پنت کے بنائے گئے ٹیسٹ رنز کی تعداد 1035 تک جا پہنچی ہے ۔ وہ کسی ایک ملک میں 1000 سے زائد ٹیسٹ رنز بنانے والے پہلے غیر ملکی وکٹ کیپر-بلے باز بن گئے ہیں۔ آسٹریلیا میں ان کے 879 رنز اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔اس سیریز میں اب تک پنت نے 479 رنز بنائے ہیں، جو انگلینڈ میں کسی ٹیسٹ سیریز میں وکٹ کیپر-بلے بازکی طرف سے بنائے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں۔ مجموعی طور پر صرف پانچ وکٹ کیپر-بلے بازوں نے کسی ٹیسٹ سیریز میں پنت سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔جیک کراؤلی اور بین ڈکٹ نے اوپننگ شراکت میں 166 رنز جوڑے ۔ دونوں کے درمیان 150 سے زائد رنز کی شراکتوں کی تعداد اب چار ہو گئی ہے ۔ دسمبر 2022 کے بعد سے کوئی دوسری اوپننگ جوڑی اتنی بڑی شراکت ایک سے زیادہ بار نہیں کر سکی۔