سرینگر// پیر کو فورسز اہلکاروں کی طرف سے ٹیر گیس شل کا نشانہ بنائے جانے کے بعد زخمی ہوئے غلام محمد خان ولد عبدالاحد خان ساکنہ ہائوسنگ کالونی الٰہی باغ کے افراد خانہ نے احتجاج کرکے ملوث اہلکاروں کو پیش کرنے کی مانگ کی۔ ہاوسنگ کالونی الٰہی باغ کے رہنے والے لوگوں اور غلام محمد خان کے نزدیکی رشتہ داروں نے کل سڑک پر آکر احتجاج کیا جس کی وجہ سے وہاں کافی دیر تک ٹریفک کی نقل و حمل مسدود رہی۔ واضح رہے کہ غلام محمد خان کو پیر کے روز اسوقت جپسی میں سوار فورسز اہلکاروں نے ٹیر گیس شل کا نشانہ بناکر زخمی کردیاجب وہ اپنے دیگر چار دوستوں کے ہمراہ پارک میں بیٹھ کر دھوپ سیک رہے تھے۔ سول سیکریٹریٹ میں درجہ چہارم یونین کے سابق صدر غلام محمد خان کے افراد خانہ نے کل دن کے دوبجے الٰہی باغ روڈ بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں شامل مرد و خواتین واقعہ میں ملوث اہلکاروں کی نشاندہی اور گرفتاری کا مطالبہ کررہے تھے۔ احتجاجی مظاہرے میں شامل خواتین ’’ملوث اہلکاروں کو پیش کرو‘‘اور ’’ہمیں انصاف دو‘‘ کے نعرے بلند کررہے تھے۔ احتجاجی مظاہروں میں شامل غلام محمد خان کے نواسے سہیل احمد نے کہا ’’ میرے دادا کو جرم بے گناہی کی سزا ملی ہے۔‘‘ سہیل احمد نے بتایا کہ گورنمنٹ ہائوسنگ کالونی الٰہی باغ میں پچھلے چار ماہ میں کبھی بھی پتھرائو نہیں ہوا تھا اور ہی کسی نے کبھی احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی ہے۔‘‘ سہیل احمد نے بتایا کہ غلام محمد خان ہوسنگ کالونی الٰہی باغ میں موجود پارک میں بیٹھے بچوں کا تماشہ دیکھ رہے تھے جو کیرم بورڈ کھیلنے میں مصروف تھے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے سامنے تمام عینی شاہدین نے اپنے بیانات قلم بند کرائے ہیں اور پولیس کو فورسز اہلکاروں کی طرف سے چلا یاگیا ٹیر گیس شیل بھی دیاگیا گیاہے مگر ابتک پولیس کسی بھی شخص کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے۔