مختلف دہشت گرد تنظیموں کا مالی طور پر گلا گھونٹنے کیلئے ایسے پروگرام جاری رہیں گے: سوین
جموں//سری نگر میں گزشتہ روز منعقد کی گئی تقریب کے طرز پر دہشت گردی کی مالی معاونت سے کمزور غیر منافع بخش تنظیموں (این پی اوز) کے ممکنہ غلط استعمال سے نمٹنے کیلئے اسی طرح کا ایک پروگرام ڈسٹرکٹ پولیس لائنز جموں میں منعقد ہوا۔یہ پروگرام مشترکہ طور پر جموں و کشمیر پولیس کے سی آئی ڈی ونگ نے وزارت داخلہ حکومت ہند کے ساتھ صوبہ جموں کے تمام این پی اوز کیلئے منعقد کیا تھا۔جموں صوبے میں مقیم مختلف غیر منافع بخش تنظیموںکے 110 سے زیادہ عہدیداران بشمول راجوری، پونچھ، ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن کے دور دراز علاقوں کے کارکنان نے اس پروگرام میں حصہ لیا جس کا مقصد ایسے کارکنان کو ملک دشمن عناصر کی جانب سے دہشت گردی کی مالی معاونت کیلئے ایسی کمزور غیر منافع بخش تنظیموں کو استعمال کرنے کی ممکنہ کوششوں کے خلاف حساس بنانا تھا۔ اس خصوصی مشق کو مکمل کرنے کیلئے مرکزی وزارت داخلہ کے افسران اور ڈومین ماہرین کی ایک خصوصی ٹیم پہلے ہی جموں و کشمیر میں ہے۔
اپنے ابتدائی کلمات میں، فاروق قیصر، ایس ایس پی (FIU) سی آئی ڈی ہیڈکوارٹر جموںوکشمیر نے شرکاء کے ساتھ ساتھ وزارت داخلہ ٹیم کا خیرمقدم کیا اور پروگرام میں شرکت کیلئے اپنا قیمتی وقت نکالنے پر ان کا شکریہ ادا کیا جو کہ یقیناً ان سب کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔شرکاء کے ساتھ اپنی بات چیت کے دوران، اوم پرکاش سنگھ، جے ڈی ڈی، وزارت داخلہ نے کہا کہ جہاں لاکھوں غیر منافع بخش تنظیمیں ملک کے طول و عرض میں مختلف شعبوں میں قابل ستائش کام میں مصروف ہیں، تاہم ان میں سے کچھ دانستہ یا نادانستہ طوردہشت گردی کی مالی اعانت میں ملوث پائی گئی ہیں جو نہ صرف ان کے جائز مقصد کیلئے بدنامی لاتی ہے بلکہ سیکورٹی کیلئے خطرہ کا کام بھی کرتی ہے۔اس موضوع پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشنز دی گئیں اور شرکاء کی بہتر تفہیم کیلئے کیس سٹڈیز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اپنے تحفظات اور خدشات بھی پیش کیے جن کا وزارت داخلہ حکام نے نوٹس لیا۔ مزید برآں غیر منافع بخش تنظیموں سے متعلق ٹیکس کے قوانین پر ایک پریزنٹیشن بھی انکم ٹیکس آفیسر وکاس شرما نے دی ۔نتیش کمار، آئی جی پی سی آئی ڈی نے کہا کہ کشمیر اور جموں دونوں صوبوں میں بڑی تعداد میں غیر منافع بخش تنظیموںکو دیکھ کر خوشی ہوئی ہے، جنہوں نے بیداری پروگرام میں سرگرمی سے حصہ لیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس طرح کے پروگرام ماضی میں بھی جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے منعقد کیے جاتے رہے ہیں، تاہم یہ پہلی بار ہے کہ وہ مرکزی وزارت داخلہ کے ساتھ مشترکہ طور پر منعقد کیے جا رہے ہیں۔آر آر سوین، سپیشل ڈی جی سی آئی ڈی جموںوکشمیرنے کہا کہ ایسے پروگرام مستقبل میں بھی منعقد کیے جائیں گے اور یہ ہماری کثیر جہتی حکمت عملی کا حصہ ہیں تاکہ جموں و کشمیر میں سرگرم مختلف دہشت گرد تنظیموں کا مالی طور پر گلا گھونٹ سکیں۔