سرینگر//ٹورزم ڈیولپمنٹ کے ہوٹلوں کو مقفل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے ٹھکیداروں نے الزام عائد کیا ہے کہ سیلاب کے بعد ہوٹلوں کی مرمت کے بعد28کروڑ روپے کی واجب الادا رقم ابھی تک واگزار نہیں کی گئی۔ٹورسٹ سینٹر سرینگر میں واقع ٹورزم ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے دفتر کے سامنے درجنوں ٹھکیداروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقعہ پر مظاہرین نے بینر اور پلے کارڑ اٹھا رکھے تھے اورنعرہ بازی بھی کی۔ مظاہرین نے محکمہ پر در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ3سال بعد بھی واجب الادا رقومات کو واگزار نہیں کیا جا رہا ہے۔جے کے ٹی ڈی سی کنٹریکٹرس ایسو سی ایشن کے چیئرمین غلام احمد راتھر نے کہا کہ سیلاب کے بعد ٹھکیداروں نے کئی تباہ شدہ اور نقصان زد ہ ہوٹلوں اور کمپلکسوں کی مرمت کی تاہم ابھی تک رقومات کو واگزار نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ با ضابطہ طور پر تعمیراتی کام کیلئے منظوری بھی حاصل کی گئی تھی اور بعد میں محکمہ کے ساتھ معاہدہ بھی کیا گیا،جبکہ سابق انجینئروں اور افسران نے مرمت شدہ کام کا معائنہ بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود ٹھکیداروں کی28کروڑ رقم واجب الادا ہے۔ مظاہرین نے بتایا کہ انہوں نے از خود کوشش کرتے ہوئے رقومات کو متعلقہ محکمہ کیلئے واگزار کروایا،تاہم محکمہ نے دیگر چیزوں پررقم کو خرچ کرتے ہوئے پہلے مارچ اور بعد میں عید پر واگزار کرنے کی یقین دہانی کرائی،تاہم تمام وعدے سراب ثابت ہوئے۔انہوں نے دھمکی دی کہ اگر فوری طور پر انکی واجب الادا رقم کو واگزار نہیں کیا گیا تو وہ ٹورزم ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تمام ہوٹلوں اور عمارتوں پر مقفل کرینگے۔