جموں //رام بن میں سکول کی خستہ حالی کے سبب طلباء کھلے آسمان کے نیچے تعلیم حاصل کر نے پر مجبور ہیں اوربوسیدہ عمارت کسی بھی وقت ایک بڑے سانحہ کا سبب بن سکتی ہے جس کی وجہ سے اساتذہ اور طلباء دونوں پریشانیوں میں مبتلاء ہوئے ہیں ۔ضلع رام بن تحصیل گول کے ٹھٹھارکا ہائر سکینڈری اسکول جہاں 500سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں ،تیز آندھی اور بارشوںکی زد میں آنے کے سبب سکول کی چھت اور دیوراوں میں دراڑ پڑ گئی ہیں جبکہ چھت کئی جگہوں سے ٹوٹ کر لٹک رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’سکول کی خستہ حالی کے بارے میں کئی بار محکمہ تعلیم تحصیل گول کے ذمہ داروں کی نوٹس میں معاملہ لایا گیا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ کے قریب دوسرا کوئی سکول نہ ہونے کی وجہ سے مجبوراً بچوں کو تعلیم دلانے کیلئے اسی سکول میں بھیجنا پڑتا ہے لیکن خوف کی وجہ سے والدین اور بچے دونوں ذہنی کوفت میں مبتلاء رہتے ہیں۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ سکولی عمارت کے کئی کمرے اور آفس کی چھت بالکل بوسیدہ ہوکر گرنے کے قریب ہے جبکہ دیواروں میں بھی دراڑیںپڑگئی ہیں۔جو کسی بھی وقت حادثہ کا موجب بن سکتا ہے۔ دریں اثناء سخت گرمی اورسردی کا موسم ہو ،برف باری اور بارش ہو بچے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے کیلئے مجبور ہیں۔