۔ 14سالہ بیٹا باپ کی گود میں جاں بحق ، باپ بھی صدمہ برداشت نہ کرکے چل بسا
محمد تسکین
بانہال // منگل کی صبح بانہال کے ٹھٹھار علاقے میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے نے پورے علاقے کو اسوقت غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا جب ایک باپ اپنے بیمار بیٹے کی گود میں دم توڑنے کے چند لمحوں بعد خود بھی دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق شبیر احمد گنائی ولد محمد اکبر گنائی عمر 45سال اور ان کا 14سالہ بیٹا ساحل احمد ساکن ٹھٹھاڑ بانہال، صبح تقریباً 6بج کر 45منٹ پر ہسپتال لائے گئے جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بچہ جو کچھ عرصے سے دل کے عارضہ میں مبتلا تھا ، ہسپتال لے جاتے وقت اپنے والد کی گود میں اچانک بے ہوش ہو گیا اور بیٹے کو اس حالت میں دیکھ کر والد شدید صدمے میں آگئے اور موقع پر ہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔اس دردناک واقعے نے بانہال کے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے، اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔دونوں باپ بیٹے کا نماز جنازہ منگل کی دوپہر ساڑھے بارہ بجے ادا کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور پر نم آنکھوں سے انہیں سپردِ خاک کیا ۔