اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر سید موڑ گندوہ کے نزدیک پہاڑی کا ایک بڑا حصہ کھسکنے سے دو گھنٹوں تک ٹریفک معطل رہا تاہم دیر شام عارضی طور پر ٹریفک کو بحال کیا۔ اطلاعات کے مطابق ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر سید موڑ کے مقام پر پہاڑی کا ایک بڑا حصہ کھسک گیا جس کے نتیجے میں پتھر گرنا شروع ہو گیا۔اس دوران ایس ایچ او گندوہ شاہنواز گیری پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور احتیاطی طور پر ٹریفک کو دونوں طرف سے روک دیا۔ پتھر کو ہٹانے کے لیے جے سی بی مشین و فائر بریگیڈ گاڑی کا استعمال کیا اور جس جگہ سے پتھر کھسک آیا تھا وہ پر زور سے پانی پھینکا تاہم اس سے چھوٹے چھوٹے پتھر گر آئے لیکن پہاڑی کا ایک بڑا حصہ اوپر ہی رہا۔اس دوران مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مشینری کی عدم دستیابی و محکمہ کی عدم توجہی سے ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ خستہ حال ہوئی ہے اور متعدد مقامات پر پسیاں گرنے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے حکام سے ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ کی مرمت کرنے و خطرے کی جگہوں کی نشاندہی کرکے پسیاں ہٹانے کے لیے متعلقہ محکمہ کو متحرک کرنے کی مانگ کی۔ایس ڈی پی او گندوہ راج کمار کول وی تعمیرات عامہ کے ایکسن نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کرکے سڑک کا جائزہ لیا۔