اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر گذشتہ شب کاہرہ کے مقام پر بھاری پسی گر آنے کی وجہ سے ٹریفک نظام معطل ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق گذشتہ شب ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر کاہرہ کے نزدیک بھاری پسی گر آئی جس کے نتیجے میں ٹریفک نظام متاثر ہوا ہے۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے محکمہ تعمیرات عامہ کے ایک آفیسر نے کہا کہ چھوٹی گاڑیوں کے لیے عارضی طور پر سڑک کو بحال کیا گیا ہے تاہم مکمل طور پر سڑک کی بحالی شام تک ممکن ہو سکتی ہے۔ایس ڈی پی او گندوہ عادل ریشو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ چھوٹی گاڑیوں کے لیے ٹریفک بحال کی گئی ہے تاہم بھاری پتھر گر آنے کی وجہ سے مکمل طور پر سڑک بحال نہیں ہو سکی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ تعمیراتی ایجنسیوں و پولیس کو اپنا تعاون فراہم کریں اور کوئی بھی سفر کرنے سے پہلے متعلقہ محکمہ سے رجوع کریں۔