سرینگر//ٹھاٹھری ڈوڈہ میںسڑک کے ایک دلدوز حادثے میں ایک ٹیکسی گہری کھائی میںجاگری،جس کے نتیجہ میںایک خاتون سمیت 2افراد لقمہ اجل اور 4دیگر شدید زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ٹیکسی زیر نمبرٹھاٹھری کی طرف جارہی تھی کہ ڈوڈہ قصبہ سے 55کلومیٹر کی دوری پر واقع خان پورا نامی علاقہ میں ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میںجاگری۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ٹیکسی میں ڈرائیورسمیت6افراد سوار تھے اور ٹھاٹھری ۔گندوہ روڑ پر خان پورہ کے مقام پر ایک تنگ موڑ سے گزرنے کے دوران ڈرائیور گاڑی پر کنٹرول کھوبیٹھا،جس کے نتیجہ میں گاڑی سڑک کے کنارے سے لڑھکتے ہوئے گہری کھائی میںجاگری۔ معلوم ہوا ہے کہ سڑک کے کنارے سے لڑھکنے کے بعد گاڑی چٹانوں اور بھاری پتھروں سے ٹکراتے ہوئے کھائی میںجاگری ،جس کے نتیجہ میں گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میںسوارسبھی 6افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور مقامی لوگوںکے اشتراک سے بچاؤ آپریشن شروع کرتے ہوئے انتہائی مشقت کے بعد تباہ شدہ گاڑی تک رسائی حاصل کی۔ پولیس اور مقامی لوگوں نے زخمیوںکو کھائی سے باہر نکالتے ہوئے اسپتال پہنچایا جہاںابتدائی معائینہ کے بعد ڈاکٹروںنے 2کو مردہ قرار دیا۔دلدوز حادثہ میں جاں بحق افراد کے نام نثار احمد ولد برکت علی اور فاطمہ زوجہ سیف الدین ساکنہ خان پورہ ڈوڈہ کے بطور ہوئی ہے۔زخمیوں کے نام نور الدین ولد جمال الدین ، شمیم احمد ولد نور الدین ، مصرہ بیگم زوجہ عبدالطیف اور خالد حسین ولد عبدالطیف ساکنان خانپورہ ٹھاٹھری ڈوڈہ کے بطور ہوئیہے۔اس دوران حادثہ میںجاں بحق ہوئے افراد کی میتیں جونہی ان کے آبائی گاؤں میںپہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔