اشتیاق ملک+عاصف بٹ
ڈوڈہ+کشتواڑ //ڈوڈہ اور کشتواڑ میں دو المناک حادثات کے دوران 4افراد ہلاک ہوئے، جبکہ دو کو شدید چوٹیں آئیں۔سب ڈویژن گندوہ ڈوڈہ میں منگل کی شام ساڑھے آٹھ بجے کے قریب ایک آلٹو گاڑی زیر نمبر/6559 JK06 ٹھاٹھری سے گندوہ کی طرف جارہی تھی جس دوران بمو کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر پانچ سو فٹ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں بلال احمد (30)ولد تاج دین ملک ساکن دھریوڑی موقع پر ہی جاں بحق ہوا۔ اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ، سیکورٹی فورسز و پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور بچاؤ کارروائی شروع کی۔
تین زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال گندوہ منتقل کیا گیا جس دوران انشاء ایاز (12)دختر ایاز احمد ساکن ڈھوسہ زخمیوں کو تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھی جبکہ مظفر احمد (35)ولد عبدالکریم خان ساکن سنوارہ و دانش ایاز (14)ولد ایاز احمد کو شدید زخمی حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔ایس ڈی پی او گندوہ عادل ریشو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس حادثہ میں ایک بارہ سالہ بچی سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے اور دو زخمی ہوئے ہی۔ پولیس نے معاملہ درج کیا ہے. بتایا جاتا ہے کہ مہلک نوجوان کا والد و لڑکی کے نانا حج سے واپس آرہے تھے جو دوسری گاڑی میں سوار تھا۔اور یہ اس کے استقبال میں سرینگر آئے تھے جس دوران گھر واپسی پر یہ حادثہ پیش آیا۔ادھر ایک المناک واقعہ میں، منگل کو جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں مٹی کا تودہ گرنے سے دو مزدوروں کی موت ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عابد حسین ولد نور حسین اور مشرف ولد محمد اکبر کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ واقعہ سب ڈویژن چھاترو کی تحصیل مغل میدان کے سمبول میں اس وقت پیش آیا جب کچھال سمبول سڑک کے تعمیراتی کام کے دوران جے سی بی پسی کی زدمیں آ گیا۔ اْنہوں نے بتایا کہ جے سی بی پر آپریٹر سمیت 2 افراد سوار تھے، جو ملبے تلے دب گئے ۔ ایس ڈی ایم چھاترو شوکت حیات نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دو لوگوں کے ملبے تلے دبنے کی اطلاع ملی ، جن میں سے ایک کی نعش کو بچاو ٹیموں نے نکالا جبکہ دوسرا شدید طور پر زخمی ہوا ہے۔جسے مزید علاج کیلے ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی حکام موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
کشتواڑ ہلاکتوں پر الطاف بخاری کی تعزیت
جموں//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کشتواڑ میں کوچھال تا سمبل سڑک پر جاری کٹائی اور توسیع کام کے دوران لینڈ سلائڈنگ سے دو مقامی افراد کی موت پر گہرے دْکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہاکہ کوچھال سے تعلق رکھنے والے عابد حسین اور مشرف نامی افراد کی موت پر اْنہیں بے حد افسوس ہے۔ انہوں نے مہلوکین کے ایصال ِ ثواب اور لواحقین کے لئے صبر وجمیل کی دْعا کی ہے۔ انہوں نے دکھ کی اِس گھڑی میں لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مارے گئے افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ دیاجائے۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ اِس بات کی مناسب تحقیقات کرائی جائے کہ کہاں کوتاہی رہی جس وجہ سے سڑک پر جاری کام کے دوران یہ حادثہ رونما ہوا۔