محمد تسکین
بانہال //جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بانہال کے لامبر علاقے میں ٹول پلازہ کے قریب سڑک کے ایک حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں اور انہیں مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ہے۔ یہ حادثہ ہفتے کی شام اسوقت پیش آیا جب قاضی گنڈ کشمیر میں ایک شادی کے بعد واپس آرہی ایک مسافر وین کو مخالف سمیت میں آرہی ایک آلٹو کار نے ٹکر ماری دی۔ اس حادثے میں وین کو شدید نقصان پہنچا ہے اور سات مسافروں میں سے تین زخمی ہوگئے۔حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ اور راہگیر موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد سبھی زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔پولیس نے اس حادثے میں زخمیوں کی شناخت 46 سالہ بشیر احمد ولد فقیر محمد گوجر سکنہ بنکوٹ ، 30 سالہ منظور احمد ولد عبداللہ ڈار سکنہ بنکوٹ اور 32 سالہ عبدللطیف ولد غلام حسین گوجر ڈیلی ویجر پی ایچ ای ساکنہ بنکوٹ بانہال کے طور کی گئی ہے۔پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر کیس درج کیا اور حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی ہے۔ حادثے کے باعث کچھ دیر کے لئے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی، تاہم بعد میں شاہراہِ پر ٹریفک کو بحال کر دیا گیا۔