ممبئی//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے جموں وکشمیر سے م متعلق ذرائع ابلاغ کے ایک طبقے کی طرف سے پید ا شدہ منفی تاثر کو دُور کرنے کی ضرورت پر اُجاگر کرتے ہوئے ملک کے معروف ٹور آپریٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاحوں کو ریاست کی سیر پر بھیجنا شروع کردیں ۔خورشید گنائی جموں وکشمیر ٹورازِم محکمہ ، ہوٹیلیئر س کلب جے اینڈ کے اور مہاراشٹریہ ٹور آپریٹرس ایسو سی ایشن کی طرف سے مشترکہ منعقد کئے گئے ٹوراِزم کنکلیو سے خطاب کر رہے تھے۔مشیر موصوف نے گجرات اور مہاراشٹریہ کے ٹور آپریٹروں کی طرف سے ظاہر کئے گئے رویہ کی ستائش کی اور کہا کہ ریاست میں پلگرم ، ہیرٹیج اور تفریحی سیاحت کے تعلق سے سہولیات میں بہتری آرہی ہے۔سیکرٹری سیاحت ریگزن سمفل ، ناظم سیاحت کشمیر نثار احمد وانی ، ناظم سیاحت جموں او پی بھگت ، صدر مہاراشٹریہ ٹورآپریٹرس ا یسو سی ایشن سدھیر پاٹل ، چیئرمین جے اینڈ کے ہوٹیلرس کلب مشتاق احمد چایہ، صدر کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شیخ عاشق اور کئی دیگر مندوبین نے کنکلیو سے خطاب کیا۔ریاست کے تینوں خطوں سے تعلق رکھنے والے 40مندوبین نے کنکلیو میں ریاست کی نمائندگی کی اور اس میں شہباز خان ، عمران خان، مزمل ابراہیم اور کئی دیگر معرو ف بالی ووڈ شخصیات نے بھی شرکت کی۔خورشید احمد گنائی نے کہا کہ کشمیر سیاحوں کے لئے ایک نہایت ہی محفوظ جگہ ہے ۔انہو ںنے کہاکہ کشمیر کے بارے میں پیدا شدہ منفی تاثر دُور کرنے کے لئے جامع اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سری نگر میں بھی اگلے ماہ ٹولپ فیسٹول کے دوران ایک ٹورازم کنکلیو منعقد کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس سال ٹولپ کھلنے کے عمل میں برفباری اور سرد موسمی حالات کی وجہ سے تھوڑی تاخیر ہوئی۔اُنہوں نے کہا کہ سیاح ہمار ے مہمان ہیں اور ہم اُن کے سہولیت کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لئے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ ممبئی میں سیاحت سے جُڑے افراد نے جموں وکشمیر ریاست اور اس کے لوگوں کے تئیں مثبت ردِّ عمل کاا ظہار کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر قدرتی خوبصورتی کے تمام تقاضوں سے مالا مال ہے اور یہاں پلگرم ایج اور مہم جویانہ وسائل بھی موجودہیں۔اِس موقعہ سیکرٹری سیاحت ریگزن سمفل نے بھی خطاب کیا اور سیاحتی سرگرمیوں کو دوام بخشنے کے لئے حکومت کے اِقدامات کا تفصیل سے ذکر کیا۔ تقریب پر صدر مہاراشٹریہ ٹور آپریٹرس ایسو سی ایشن سدھیر پاٹل نے کہا کہ مہاراشٹریہ اور جموں وکشمیر سیاحتی اعتبار سے روایتی طور ایک دوسرے جُڑے ہوئے ہیں اور جموں وکشمیر میں مہاراشٹریہ کے سیاحوں کی کافی تعداد دیکھنے کو ملتی تھی۔اُنہوں نے کہا کہ کشمیر مہاراشٹریہ کے لوگوں اور بالی ووڈ سے جُڑے فلم سازوں کے لئے اوّل مقام کا سیاحتی مقام ہے ۔مہاراشٹریہ اور گجرات سے تعلق رکھنے والے 200سے زائد ٹریول ایجنٹوں اور ٹور آپریٹروں نے اس کنکلیو میں شرکت کر کے ریاست میں سیاحتی سیکٹر کو بڑھاوا دینے کا عہد کیا۔