عظمیٰ نیوز سروس
ٹنگمرگ//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے سب ڈویژن ٹنگمرگ اور اس سے ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا ۔انہوں نے وہاںکلیدی صحت بنیادی ڈھانچے کا اِفتتاح کیا، دیہی سیاحت کو فروغ دیا اور مجموعی ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر موصوفہ نے دورے کا آغاز سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈِی ایچ) ٹنگمرگ سے کیا جہاںانہوں نے ڈائیلیسز سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس سینٹر کا مقصد مقامی سطح پر گردوں کے مریضوں کو ضروری علاج فراہم کرنا اور تیسرے درجے کے طبی اِداروں پر بوجھ کم کرنا ہے۔ انہوں نے 20 بستروں پر مشتمل پری فیبر یکٹیڈوارڈ کا سنگِ بنیاد بھی رکھاجو مریضوں کی سہولیات کو وسعت دے گا اور ایمرجنسی ردِّعمل کی صلاحیتوں کو بہتر بنائے گا۔اِس کے علاوہ ایک نئے پبلک ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) بلاک کا بھی سنگِ بنیاد رکھا گیا تاکہ علاقے میں صحت سہولیات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔وزیر صحت وتعلیم نے اَفسران اور مقامی عوام سے بات چیت کے دوران صحت اور تعلیم کو حکومت کی اوّلین ترجیحات قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ دونوں شعبے ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہیں اور اِنتظامیہ تمام علاقوں میں بنیادی ڈھانچے اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے مربوط کوششیں کر رہی ہے۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ہسپتالوں کو اَپ گریڈ کرنے، تعلیمی اِداروں کو بہتر بنانے اور دیہی و شہری علاقوں میں معیاری خدمات کی مساوی رَسائی کو یقینی بنانے کے لئے مستقل سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔اس موقعہ پر وزیر موصوفہ کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی گلمرگ فاروق احمد شاہ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کشمیر، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے کیبل کار کارپوریشن، سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلمرگ اور دیگر ضلعی و متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران بھی تھے۔سکینہ اِیتو نے بدرکوٹ، رِنگواری اور گوگلدارہ کا دورہ کیا اور جہاں مقامی سطح پر ایک سیاحتی فیسٹول کا اِنعقاد کیا گیا تھا۔ وزیر موصوفہ نے اِس مقامی پہل کی سراہنا کی اور کہا کہ جن مقامات میں سیاحت کی صلاحیت موجود ہے، انہیں مکمل سیاحتی مقامات میں تبدیل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ سیاحت کو صرف تفریحی ذریعہ نہ سمجھا جائے بلکہ مقامی آبادی کے لئے روزگار کے ایک اہم وسیلے کے طور پر فروغ دیا جائے۔انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کاجائزہ بھی لیا اور اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ کاموں کی تکمیل میں سرعت لائیں اور مؤثر عوامی خدمات کی فراہمی کے لئے باہمی ہم آہنگی کو یقینی بنائیں۔