سرینگر/گذشتہ رات کی موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں شمالی کشمیر کے ٹنگمرگ میں ایک پل پانی کے تیز بہائو کے نتیجے میں ڈھ گیا جبکہ پٹن علاقے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق چاندل۔وانیگام روڑ پر بنا ،نالہ فیروزپورہ کا پل پانی کے تیز بہائو میں آکر ڈھ گیا جس سے درجنوں دیہات کٹ کر رہ گئے ہیں۔
اطلاعات میں مزید بتایا جارہا ہے کہ کہ پٹن کے کھورو ، شیرا باد اور ہانجی ویرا گائوں میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں بہت پانی جمع ہوا ہے جس سے لوگوں کی نقل و حمل محدود ہوکر رہ گئی ہے۔
واضح رہے کہ وادی بھر میں گذشتہ رات کے دوران زور دار بارشیں ہوئیں اور تیز ہوائیں چلیں جس کی وجہ سے بیسیوں علاقے زیر آب آگئے ہیں اور کئی راستے مسدود ہوکر رہ گئے ہیں۔