ٹنگمرگ //خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والے لوگوں کو مکان بنانے کے لیے اندرا اواس یوجنا سکیم کے تحت حکومت کی جانب سے مالی معاونت فراہم کی جاری ہے اور اس اسکیم کے تحت فیروزپورہ ٹنگمرگ کے غلام محی الدین نجار ولد محمد سبحان اور غلام محی الدین لون ولد عبدالصمد کو محکمہ رورل ڈیولپمنٹ آفس ٹنگمرگ نے پہیلی قسط کے بطور 18 ہزار روپے ادا کرنے کے بعد باقی رقم گزشتہ دو سال سے واجب الادا ہے جس کی وجہ سے ان دونوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ غلام محی الدین نجار اور غلام محی الدین لون نے بتایا کہ انھوں نے مکان بنانے کے لیے میٹریل بازار سے ادھار لایا ہے اور گزشتہ دو سال کے دوران میٹریل والوں نے قرضہ کی ادائیگی کے لیے تنگ کیاہے کہ ہم اس دن کو کوس رہے ہیں جس دن ہم نے اپنے ٹین شڈوں کو مسمار کیا۔غلام محی الدین لون اور غلام محی الدین نجار نے بتایا کہ گزشتہ دو سال کے دوران سینکڑوں بار ہم نے بلاک افسر ٹنگمرگ سے باقی رقم 65ہزار واگزار کرنے کی استدعا کی تاہم بلاک افسر نے صرف یقین دہانی کرانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔اس سلسلے میں بلاک افسر ٹنگمرگ بلال احمد نے بتایاکہ ٹنگمرگ میں جن لوگوں کو مذکورہ اسکیم کے دائرے میں لایا گیا تھا ان کے کاغذات تمام ضروری لوازمات پوراکرنے کے بعد ACD آفس بارہمولہ میں جمع کرائے گئے ہیں اور مرکزی حکومت کی جانب سے جوں ہی اسکیم کے لیے رقومات فراہم ہوگی تو رقم آن لاین ان کے بنیک اکاونٹوں میں ٹرانسفر ہوگی۔ IAY اسکیم کے تحت آنے والے لوگوں نے رقومات کی واگزاری کے لیے وزیر دیہی ترقی و پنچاتی راج سے ذاتی مداخلت کی اپیل کی ہے۔(مشتاق الحسن)