عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر+جموں //جموں و کشمیر میں جمعرات کو بھی شدید گرمی کے دوران کئی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ سرینگر میں 34 ڈگری سے زیادہ جبکہ جموں میں درجہ حرارت 43.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں 13 جون تک شدید گرمی سے راحت ملنے کی کوئی امید نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد میں 14 سے 17 تک کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران کچھ مقامات پر تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ 18 سے 20 جون تک ایک بار پھر موسم خشک اور گرم رہ سکتا ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق، سرینگر میں درجہ حرارت 34.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے، جبکہ قاضی گنڈ میں درجہ حرارت 33.9 ڈگری سینٹی گریڈ (معمول سے 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ)رہا۔پہلگام میں29.0 کو چھو گیا، کپواڑہ میں 33.0 ، اور کوکرناگ میں 33.2 ریکارڈ کیا گیا۔ یہاں تک کہ گلمرگ میں 24.8 ریکارڈ کیا گیا۔جموں کے علاقے میں، جموں شہر میں زیادہ سے زیادہ 43.6 ڈگری رہا جومعمول سے 4.8 C زیادہ تھا۔کٹرا میں 39.5 جبکہ بانہال، بٹوٹ اور بھدرواہ سبھی میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہا۔لداخ میں لیہہ میں 26.2 ڈگری اور کرگل میں 26.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جموں خطہ کے چھ اضلاع میں ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار ہے، کئی مقامات پر درجہ حرارت اوسط سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ حکام نے جمعرات کو بتایاکہ سانبہ اور جموں شہر میں درجہ حرارت بالترتیب 46.3 اور 44.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو بدھ کو موسم کی اوسط سے 5.7 ڈگری زیادہ تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق، شدید گرمی نے کم از کم چھ اضلاع سانبہ، جموں، کٹھوعہ، رام بن، ادھم پور اور ریاسی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے – سبھی جگہوں پر درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے اوپرہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کٹرا میں 40.6 ، جبکہ رام بن میں 43.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔کٹھوعہ میں43.6 ،ادھم پور میں 42 ڈگری س، پونچھ میں 40 اور ریاسی میں 41.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔شدید گرمی کی لہر کے حالات کے پیش نظر جموں میونسپل کارپوریشن نے شدید گرمی کا مقابلہ کرنے کے لیے پانی کے اسپرے کرنے والے ٹینکر تعینات کیے ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد سڑکوں پر لوگوں کو کچھ مہلت فراہم کرنا اور گرمی کے اثرات کو کم کرنا ہے۔