عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
نئی دہلی //صارفین معاملوں کے محکمہ نے این سی سی ایف اور این اے ایف ای ڈی کو 15 اگست 2023 سے 50 روپے فی کلو گرام کے ریٹیل قیمت پر ٹماٹر بیچنے کا حکم دیا ہے۔ محکمہ کی جانب سے یہ فیصلہ تھوک بازاروں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں گراوٹ کو دیکھتے ہوئے لیا گیا ہے۔این سی سی ایف اور نیفڈ کے ذریعہ دہلی-این سی آر میں ٹماٹروں کی خوردہ فروخت 14 جولائی 2023 سے شروع ہوئی۔ دونوں ایجنسیوں کی جانب سے اگست 2023 سے 13 اگست 2023 تک مجموعی طور پر 15 لاکھ کلو ٹماٹر خریدے گئے، جو ملک میں ٹماٹر کی کھپت کے بڑے مراکز پر خوردہ صارفین کو فراہم کیے گئے۔ ان مقامات میں دہلی-این سی آر، راجستھان (جے پور، کوٹہ)، اتر پردیش (لکھنؤ، کانپور، وارانسی، پریاگ راج) اور بہار (پٹنہ، مظفر پور، اراہ، بکسر) شامل ہیں۔این سی سی ایف اور نیفڈ کی طرف سے خریدے گئے ٹماٹروں کی خوردہ قیمت ابتدائی طور پر 90 روپے فی کلوگرام مقرر کی گئی تھی اور بعد میں 16 جولائی سے 80 روپے فی کلوگرام اور 20 جولائی سے 70 روپے فی کلوگرام کر دی گئی۔ اب ٹماٹر کی قیمت 50 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ اس سے ظاہر ہے کہ صارفین کو ریلیف ملے گا۔پچھلے کچھ دنوں میں، این سی سی ایف نے دہلی بھر میں 70 مقامات اور نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں 15 مقامات پر اپنی موبائل وین کو تعینات کرکے خوردہ صارفین کو فراہم کیے جانے والے ٹماٹروں کی مقدار میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ این سی سی ایف اوپن نیٹ ورک فار ڈیجیٹل کامرس (او این ڈی سی) پلیٹ فارم کے ذریعے ٹماٹروں کی خوردہ فروخت بھی کر رہا ہے۔