یو این آئی
سری نگر//وادی میں سبزی اگانے والے کاشتکاروں کے لئے ٹماٹر کی فصل امسال انتہائی منفعت بخش ثابت ہو رہی ہے۔وادی میں امسال ناساز گار موسمی صورتحال کے با وجود ہائی برڈ ٹماٹر کی پیدوار اچھی رہی اور مارکیٹ میں اس کی اچھی مانگ رہنے کے باعث اس کا بھائو بھی مثالی رہا جس سے کاشتکاروں کو خوب منافع ہوا۔ملک کی دیگر ریاستوں میں سیلاب سے ٹماٹر فصل کا خراب ہونا وادی میں اس کی مانگ میں اضافہ ہونے کا بھی ایک سبب سمجھا جاتا ہے۔امسال ملک بھر کی طرح کشمیر کے بازاروں میں بھی ٹماٹر کا بھائو آسمان پر رہا اور یہاں کے بازاروں میں بھی 150 روپے تو کبھی 170 روپے فی کلو کے حساب سے ٹماٹر بیچے گئے جو یہاں پہلی بار ہوا ہے۔مالورہ شالہ ٹینگ سے تعلق رکھنے والے بشیر احمد نامی ایک کاشتکار نے بتایا: ‘امسال ہم نے کھیت سے ہی اوسطاً 80 روپیہ فی کلو کے حساب سے ٹماٹر فروخت کئے جس کو ہم اس سیزین میں بعض اوقات 2 روپے فی کلو حساب سے بیچتے تھے’۔