سرینگر//سیلو سوپور میں ایک ٹریکٹر نے کار کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں 60سالہ شہری جاں بحق اور اس کی کمسن نواسی زخمی ہوگئی۔کپوارہ سوپور شاہراہ پر سیلو کے نزدیک سنیچر کی دوپہر ایک ٹریکٹر نے ایک نجی کار کو اپنی زد میں لایا جس کے نتیجے میں کار مکمل طور تباہ ہوگئی۔اس حادثے میں کار میں سوار60سالہ غلام احمد میر ولد غلام رسول ساکن شوپیان کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی۔واقعہ میں مارے گئے شہری کی کمسن نواسی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جاں بحق ہونے والا شہری اپنے افراد کنبہ کے ہمراہ کپوارہ سے شوپیان جارہا تھا اور جس وقت ان کی کار حادثے کا شکار ہوگئی، اس میں4فراد سوار تھے۔عینی شاہدین کے مطابق ٹریکٹر ڈرائیور کار کو ٹکر مارنے کے فوراً بعد ٹریکٹر وہیں چھوڑ کر بھاگ گیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرلیا ہے اور مفرور ٹریکٹر ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔