عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//گاندربل ضلع کے مشہور سیاحتی مقام سونہ مرگ میں ہولناک آتشزدگی پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے تاجر برادری نے سرکار پر زور دیا ہے کہ اس سیاحتی مقام پر فائر اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا جائے اور متاثرین کی باز آباد کاری کیلئے جنگی بنیاد پر اقدامات کئے جائیں ۔ کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینوفیکچررز فیڈریشن (کے ٹی ایم ایف) نے 50 سے زائد دکانوں بشمول ریستورانوں کی تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ کے ٹی ایم ایف کے صدر محمد یٰسین خان نے کہا’’اس ہولناک آگ سے اگرچہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے تاہم محنتی تاجروں کے ذریعہ معاش، جائیدادوں اور سرمایہ کاری کا نقصان ناقابلِ تلافی ہے۔انہوں نے کہا کہ اہم سیاحتی مقام میں آگ سے حفاظت کے مناسب انفراسٹرکچر کی عدم موجودگی تشویشناک ہے ۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے اپیل کرتے ہوئے خان نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سونمرگ ایک فائر اسٹیشن جلد از جلد قائم کیا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی تباہی کو روکا جا سکے۔ خان نے متاثرہ دکانداروں اور ریستوراں مالکان کے لیے فوری مالی معاوضہ اور بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہاکے ٹی ایم ایف متاثرہ تاجروں کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے اور ان کی جائز حمایت کے لیے وکالت جاری رکھے گا۔اس دوران ٹریڈرس فیڈریشن کا ایک وفدسونمرگ پہنچا۔ چیئرمین ابرار خان، صدر ہلال احمد مندو،غلام محی الدین صوفی، مشیر ڈاکٹر توصیف احمد نے آتشزگان کی مدد کے لیے فوری مدد کی پیشکش کی۔انہوںنے عام لوگوں، این جی اوز اور سرکاری اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں۔