سرینگر // شوپیان پولیس نے ٹریٹوریل آرمی اہلکار عرفان احمد ڈار کے قتل کیس میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کر کے ملوثین کی شناخت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔25نومبر کو شوپیان پولیس نے وتھمولہ علاقے سے عرفان احمد ڈار، جوکہ 177 بٹالین ٹریٹوریل آرمی میں بطور سپاہی کام گریز میں کرتا تھا، کی لاش بر آمد کی۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ دوران تحقیقات اس بات کا انکشاف ہوا کہ اس قتل میں صدام پڈر ساکن ہیف ،بلال ساکن ہیف ،توصیف ساکن گڈبگ اور ایک حال ہی میں ملی ٹنٹ گروپ میںشامل ایک نامعلوم ملی ٹنٹ اور ایک مزمل ملوث ہیں ۔دوران تحقیقات اس بات کا پتہ چلا کہ مورخہ 24نومبر ایک مشتبہ شخص مزمل ساکن شرمال متوفی عرفان احمدکے گائوںمیں جاکر متوفی کو اپنے ساتھ وتھمولہ لے گیا جہاں پر پہلی سے ہی رچائی سازش کے تحت صدام پڈر اپنے ساتھیوں سمیت موجود تھا جنہوں نے متوفی پر فائرنگ کی جو کہ موقعہ پر ہی دم توڑبیٹھا اور ملی ٹنٹ موقعہ سے فرار ہوئے ۔ پولیس نے دستیاب ثبوت کی بنا پر مزمل کو گرفتار کر کے حراست میںلے لیا اور ملوث ملی ٹنٹوں کی تلاش جاری ہے ۔