بارہمولہ// وادی میں ریلوے حکام کی طرف سے ٹرین سروس کے اوقات کار میں تبدیلی کی وجہ سے مسافروں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ملازمین میں کافی غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ریلوے انتظامیہ نے حال ہی میں پرانے اوقات کار کو تبدیل کرکے نیا شیڈول جاری کیا ہے جس کی وجہ سے ملازمین اکثر اپنے وقت پر دفتر نہیں پہنچ پاتے ہیں ۔ محمد امین وانی نامی ایک مسافر نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ریلوے حکام پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اپنی مرضی کے مطابق جو حال ہی میں نیا ٹرین ٹائیمنگ کاشیڈول جاری کیاہے وہ ٹھیک نہیں ہے کیونکہ جو مسافر صبح دس بجے اپنے اپنے اسٹاپ پر پہنچتا تھا آج وہ پونے گیارہ بجے پہنچ جاتا ہے ۔ جس کی وجہ سے نہ ہی ملازمین وقت پردفتر پہنچ جاتے ہیں اور ناہی مزدور طبقہ اپنے وقت پر کام پر پہنچ جاتے ہیں ۔ جس کے نتیجے میں ملازمین ، مزدورں اور دیگر مسافروں کوسخت مشکلات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے ۔ محمد امین نے مذید کہا ہے کہ جو ٹرین صبح دس بجے بارہمولہ پہنچ جاتی تھی وہ آج نئے شڈول کے مطابق گیارہ بجے پہنچ جاتی ہے ۔ جس کی وجہ سے مسافروں اور ملازمین کو مشکلات درپیش ہیں ۔ انہوںنے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے ٹرین شیڈول کو تبدیل کیا جائے تاکہ مسافروں کو راحت مل سکے۔ اس سلسلے میں محکمہ ریلوے کے ایریا منجیرثاقب یوسف نے بتایا کہ دراصل جو ہماراکٹ آف ٹائیمنگ ہے اس حساب سے اب ہمیں صبح ساڑے سات بجے سے شام ساڑے چھ بجے تک تمام ٹرینیںچلانی ہے اسی وجہ سے اوقات کار تبدیل کرنا پڑے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب یہ شیڈول 31 مارچ 2022رہے گا جس کے بعد اسے تبدیل کیا جائیگا ۔