ٹرینٹ بولٹ کاٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

 یو این آئی

ٹرینیڈاڈ// نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ نے کہا کہ موجودہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 ان کا آخری ٹی20 ورلڈ کپ ہوگا ۔ بولٹ 2011 میں اپنے ڈیبیو کے بعد سے ہی نیوزی لینڈ ٹیم کے اہم کھلاڑی رہے ہیں۔ انہیں ٹی 20 ورلڈ کپ، ون ڈے ورلڈ کپ اور ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کھیلنے کا تجربہ ہے۔ وہ 2014 سے اب تک چار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لے چکے ہیں۔بولٹ نے یوگانڈا کے خلاف نیوزی لینڈ کی نو وکٹوں سے جیت کے بعد پریس کانفرنس میں کہا ’’ اگر میں اپنے بارے میں بات کروں تو یہ میرا آخری ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ہوگا۔ مجھے صرف اتنا کہنا ہے‘‘۔ یوگنڈا کے خلاف میچ سے پہلے ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ کے سپر ایٹ راؤنڈ سے باہر ہو گئی تھی۔ ٹیم اب گروپ سی میں اپنے آخری میچ میں پاپوا نیو گنی کا مقابلہ کرے گی جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 34 سالہ بائیں ہاتھ کے باؤلر کا آخری میچ ہوگا۔سپر ایٹ سے باہر ہونے پر انہوں نے کہا’’ہم یقینی طور پر ٹورنامنٹ میں ایسا آغاز نہیں چاہتے تھے۔ اسے ہضم کرنا مشکل ہے۔ ہم مایوس ہیں کہ ہم آگے بڑھ نہیں سکے لیکن جب بھی آپ کو ملک کی نمائندگی کا موقع ملتا ہے تو یہ ایک قابل فخر لمحہ ہوتا ہے۔ ورلڈ کپ کے اس فارمیٹ میں نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس سیزن سے قبل یہ ٹیم 2014 کے بعد ہر بار سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں ملک کیلئے کھیلنے پر فخر کا ماحول ہے۔ پچھلے کئی سالوں میں ہمارا ریکارڈ بہترین رہا ہے۔ بدقسمتی سے، ہم گزشتہ ہفتے اچھا نہیں کھیل سکے اورکوالیفکیشن سے باہر ہو گئے۔بولٹ نے نیوزی لینڈ کے لیے 60 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 81 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس دوران ان کا اکنومی ریٹ 7۔75 رہا ہے۔ ان کی بہترین کارکردگی 13 رنز کے عوض 4 وکٹیں رہی ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے انڈین پریمیٔر لیگ میں گیند کے ساتھ بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بولٹ نے آئی پی ایل کے 104 میچوں کی 103 اننگز میں 121 وکٹیں حاصل کی ہیں۔